لاہور (کرائم رپورٹر )ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ اور کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور کی جانب سے چھاپہ مار کارروائیوں میں انسانی اسمگلنگ، حوالہ ہنڈی اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث چھ ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا ہے گرفتار ملزمان میں محمد سلمان، عبیداللہ، شفیق خان، محمد رمضان، محمد رضا اور محمد علیم شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، گرفتار ملزم محمد سلمان نے شہری کو سعودی عرب ورک ویزا کا جھانسہ دے کر 5 لاکھ روپے ہڑپ کیے تھے۔
ملزم شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور بعد ازاں روپوش ہو گیا تھا اسی طرح، ملزمان عبیداللہ اور شفیق خان حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث پائے گئے، جن کے قبضے سے 16 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے۔ ان سے حوالہ ہنڈی سے متعلق دستاویزات اور ڈیجیٹل شواہد بھی حاصل کیے گئے۔
دوسری جانب، محمد رمضان، محمد رضا اور محمد علیم کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث نکلے، جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں رجسٹرڈ کمپنیز کی جعلی مصنوعات برآمد ہوئیں۔ یہ ملزمان جعلی مصنوعات کا سٹاک رکھنے اور فروخت کرنے میں ملوث تھے ملزمان کو اوکاڑہ اور لاہور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔