لاہور ( کرائم رپورٹر )ایف آئی اے زونل آفس لاہور میں اینٹی کرپشن سرکل کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم کرائم میٹنگ منعقد کی گئی، جس کی صدارت ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے کی میٹنگ میں اینٹی کرپشن سرکل لاہور کے انچارج سمیت تعینات افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر سرکل انچارج نے کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جس پر ڈائریکٹر ایف آئی اے نے مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور نے واضح کیا کہ تمام زیر التواء انکوائریز اور تفتیشی مقدمات کو جلد از جلد میرٹ پر مکمل کرنا افسران کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی پروفائل کیسز میں کسی قسم کی تاخیر یا رعایت برداشت نہیں کی جائے گی، اور ناقص تفتیش میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی انہوں نے ادارے کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ڈائریکٹر نے افسران کو ہدایت کی کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں انہوں نے مزید کہا کہ مالی فراڈ، بجلی چوری، جعلی ادویات اور انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف بھی بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور نے ادارہ جاتی وقار کی بحالی اور افسران کی پیشہ ورانہ کارکردگی میں بہتری کے لیے اصلاحی اقدامات فوری طور پر نافذ کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ شہریوں کی دادرسی اور انہیں قانون کے مطابق بروقت انصاف کی فراہمی ایف آئی اے کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔