راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر ) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آر ڈی اے میں گریوینس ریڈریسل کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع راولپنڈی میں غیر قانونی اور غیر منظور شدہ نجی ہاؤسنگ سکیموں اور ان کے اسپانسرز کے خلاف زمینوں کی خرید و فروخت پر عائد پابندی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے، منصور احمد خان نے کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ عوام کے حقوق کے تحفظ اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں دھوکہ دہی کے خاتمے کے لیے غیر قانونی اور غیر مجاز ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں کمیٹی نے شکایات کو سنا، متعلقہ کیسز کا جائزہ لیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ آر ڈی اے شفافیت کو یقینی بنانے، عوامی مفاد کے تحفظ اور ضلع بھر میں منصوبہ بندی کے قوانین پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے متعلقہ تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ قانونی تقاضوں کے مطابق حقیقی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جائے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ آر ڈی اے، ڈائریکٹر لینڈ آر ڈی اے اور دیگر افسران نے بشرکت کی۔