لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کی جلالپور پیر والہ کے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے بتایا کہ متاثرہ شہریوں کے لیے راشن بیگز اور دیگر ضروری سامان فراہم کر رہے ہیں۔ پاک فوج کی مدد سے یہ امدادی سامان متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے جاری بیان میں بتایا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے انتظامیہ کو ریسکیو و ریلیف ساز و سامان کی فراہمی جاری ہے اور4 ہیلی کاپٹرز ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ جلال پور پیر والا میں صورتحال کے پیش نظر اضافی 2000 ٹینٹ فراہم کر دیے ہیں۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ رات کے اوقات میں سرچ آپریشنز کیلئے جدید سرچ لائٹس اور دیگر سامان مہیا کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اضافی بوٹس، لائف جیکیٹس، رنگز اور دیگر ساز و سامان کی فراہمی کو یقینی بنا یا جارہا ہے۔ ابتک سیلاب میں پھنسے ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل کئے جاچکے ہیں۔ ڈی جی کے مطابق ملتان جلالپور پیروالہ میں سیلاب سے 138 موضع جات متاثر ہوئے ہیں جبکہ ملتان جلال پور پیر والا میں سیلاب سے مجموعی طور پر7 لاکھ 6 ہزار شہری متاثر ہوئے ہیں اوراب تک ملتان میں 3 لاکھ 62 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ ملتان میں 3 لاکھ 11 ہزار 1 سو 44 مویشیوں کو سیلابی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے.
متاثرین کے لیے78 ریلیف کیمپس میڈیکل کیمپس اور ویٹرنری کیمپس فعال ہیں۔ریلیف کیمپس میں موجود شہریوں کو کھانا، ادوایات اور دیگر تمام تر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اورتمام متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر ریسکیو آپریشن کو مزید تیز بنانے کے لیے تمام تر معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔