آر ڈی اے کا آپریشن، چکری روڈ پر ایک پلازہ اور 6 دکانیں سیل، جی ٹی روڈ پر تجاوزات کا خاتمہ

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے راولپنڈی میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھاہوا ہے۔ اس آپریشن میں چکری روڈ پر ایک پلازہ اور 6 دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ جی ٹی روڈ راولپنڈی سے تجاوزات ہٹا دی گئیں۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے واضح کیا کہ کسی کو بھی غیر قانونی تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کریک ڈاؤن وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں کیا جا رہا ہے.

جنہوں نے غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات اور غیر مجاز کمرشل سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے مزید کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائیں گی اور بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آر ڈی اے نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقیاتی زونز میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا اور شہریوں کے لیے صاف ستھرا اور پائیدار شہری ماحول فراہم کیا جائے گا۔ یہ آپریشن آر ڈی اے بلڈنگ سروئیر عامر محمود اور آر ڈی اے کےدیگر عملے نے انجام دیا۔