ایف آئی اے کا انسانی سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن، بدنام زمانہ ملزم اجمل خان گرفتار

فیصل آباد( کرائم رپورٹر )ایف آئی اے فیصل آباد زون نے انسانی سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے متعدد مقدمات میں مطلوب بدنام زمانہ ملزم اجمل خان کو بہاولنگر سے گرفتار کر لیا ہے ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم ویزا فراڈ اور انسانی سمگلنگ جیسے گھناؤنے جرائم میں ملوث ہے۔ اجمل خان نے متعدد شہریوں کو پولینڈ میں ملازمت کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم ہتھیائیں، جن کی مجموعی مالیت 27 لاکھ 71 ہزار روپے بنتی ہے۔

ذرائع کے مطابق اجمل خان ایف آئی اے لاہور زون کو گزشتہ دو سال سے مطلوب تھا، جبکہ اس کے خلاف ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور میں مجموعی طور پر 9 مقدمات درج ہیں، جو سال 2023 اور 2024 کے دوران قائم کیے گئے تھے .

تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم شہریوں کو بیرونِ ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور رقم وصول کرنے کے بعد مختلف شہروں میں روپوش ہو جاتا تھا۔ اجمل خان نے پہلے بھی متعدد بار فراڈ کے بعد اپنی شناخت چھپاتے ہوئے مختلف علاقوں میں پناہ لی ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ انسانی سمگلنگ جیسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت ملک بھر میں کارروائیاں جاری رہیں گی۔