لاہور( کرائم رپورٹر )ایف آئی اے لاہور زون کا انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور نے دو بڑی کارروائیوں کے دوران خطرناک ملزمان منظور احمد اور تصور حسین کو گرفتار کر لیا ہے تفصیلات کے مطابق ملزم منظور احمد کو لاہور سے گرفتار کیا گیا، جو سادہ لوح شہریوں کو برطانیہ کے ورک ویزے کا جھانسہ دے کر ایک کروڑ 42 لاکھ روپے ہتھیا چکا تھا۔ وہ شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔
دوسری جانب ملزم تصور حسین کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا۔ وہ بھی شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث پایا گیا۔ گرفتاری کے وقت اس کے قبضے سے 11 پاکستانی پاسپورٹس سمیت دیگر اہم دستاویزی شواہد برآمد کیے گئے، جن کے بارے میں ملزم حکام کو تسلی بخش وضاحت نہ دے سکا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق دونوں ملزمان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور ان کے خلاف مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان ملزمان کے ساتھ مزید افراد بھی اس نیٹ ورک کا حصہ ہوں گے، جن کے خلاف جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایف آئی اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بیرون ملک ملازمتوں اور ویزا کی پیشکش کرنے والے غیر مجاز افراد سے ہوشیار رہیں، اور ایسے کسی بھی مشکوک فرد کی اطلاع فوری طور پر ایف آئی اے کو دیں۔