عمرے کی آڑ میں یورپ جانے کی کوشش ناکام، فیصل آباد ایئرپورٹ پر 4 مسافر آف لوڈ

فیصل آباد (کرائم رپورٹر)ایف آئی اے امیگریشن فیصل آباد کی بڑی کارروائی کے دوران عمرہ ویزے پر سعودی عرب کے ذریعے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ایف آئی اے نے فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے چار مشتبہ مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق آف لوڈ کیے گئے مسافروں میں محمد مزمل، محمد اوسامہ، محمد طاہر اور محمد منیب شامل ہیں، جو فلائٹ نمبر FZ392 کے ذریعے سعودی عرب عمرہ ویزے پر روانہ ہو رہے تھے۔ امیگریشن کلیرنس کے دوران افسران نے مسافروں کے رویے اور دستاویزات کو مشکوک پایا، جس پر ان سے تفصیلی پوچھ گچھ کی گئی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ یہ افراد عمرے کی آڑ میں سعودی عرب سے لیبیا جانے اور بعد ازاں سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ میں داخل ہونے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ مزید تفتیش سے پتہ چلا کہ مسافروں نے اس سے قبل کراچی ایئرپورٹ سے بھی بیرونِ ملک جانے کی کوشش کی تھی مسافروں نے اعتراف کیا کہ وہ نوید الحسن نامی ایجنٹ کے ساتھ رابطے میں تھے، جو انہیں لیبیا کے راستے یورپ بھجوانے کی اسکیم میں ملوث تھا۔ ایف آئی اے نے مسافروں کے موبائل فونز سے ایسی تصاویر، لوکیشن ڈیٹا اور پیغامات برآمد کیے ہیں جو ان کے ارادوں کی تصدیق کرتے ہیں۔

گرفتار مسافروں کو مزید تفتیش اور ایجنٹ کی نشاندہی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل فیصل آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق نوید الحسن سمیت اس نیٹ ورک کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ایف آئی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر قانونی راستوں اور جعلی ایجنٹوں سے ہوشیار رہیں، اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر حکام کو دیں۔