لاہور(سٹاف رپورٹر )صوبائی وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ گلی محلوں میں تھیٹرز بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، تھیٹر سے فحاشی کے مکمل خاتمہ تک چین نہیں بیٹھیں گے،پڑھی لکھی یوتھ کوتھیٹرز میں پرموٹ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز تھیٹرایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عظمی بخاری نے کہا کہ فحاشی پھیلانے والوں کیخلاف ایکشن کے بعد تھیٹر ڈراموں میں بہتری آئی ہے،ایسا ایکٹ لانا چاہتے ہیں جو تھیٹر انڈسٹری کی مشاورت سے لایا جائے ۔
عظمی بخاری نے تھیٹرایسوسی ایشن کونئے ڈرامہ ایکٹ پر اعتماد میں لیا اوران کی دوتجاویز کو ایکٹ میں شامل کرنے پراتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی بعض تھیٹرز سے شکایات رپورٹ ہوتی ہیں جب تک تھیٹر سے فحاشی کا مکمل خاتمہ نہیں ہوگا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ گلی محلوں میں تھیٹرز بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، تھیٹر کے اوقات کار میں بھی تبدیلی لانا ہوگی، ایسا تھیٹرچاہتے ہیںجہاں فیملیزبھی ڈرامے دیکھنے آئیں،تھیٹر ڈراموں میں خواتین کوٹارگٹ کرکے جملے بازی بھی بند ہونی چاہیے۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اچھے اور سماجی موضوعات پرڈرامے بننے چاہیے اورپڑھی لکھی یوتھ کوتھیٹرز میں پرموٹ کیا جائے تاکہ ماحول تبدیل ہو۔