عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے: ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کانفرنس روم میں آج ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں نو تعینات افسران کو خوش آمدید کہا گیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے، کنزہ مرتضیٰ نے کی۔ ڈی جی آر ڈی اے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام افسران سرکاری پالیسیوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ اتھارٹی کے مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے اور افسران و عملہ ایمانداری، محنت اور خلوص کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاستی ملازم ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے قوانین و ضوابط کی پابندی کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

ڈی جی آر ڈی اے نے میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز کے بارے میں عوامی آگاہی پیدا کی جائے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں، غیر منظور شدہ تعمیرات اور غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کے خلاف بلا خوف و خطر سخت کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ اجلاس میں رنگ روڈ پراجیکٹ، نالہ لئی ایکسپریس وے اور دیگر بڑے ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی۔ ڈی جی آر ڈی اے نے انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے اور جہاں کوئی رکاوٹ موجود نہ ہو وہاں بلا وجہ تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عوامی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ضرورت پڑنے پر اوقات کار میں بھی اضافہ کیا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے منصور احمد خان، چیف انجینئر آر ڈی اے محمد انور بران، چیف پلانر آر ڈی اے محمد طاہر میو اور دیگر افسران نے شرکت کی۔