مساجد و مدارس میں ٹریفک قوانین سے آگاہی مہم، روڈ سیفٹی کو دینی و دنیاوی تعلیم کا حصہ بنانا وقت کی ضرورت ہے: سی ٹی او فرحان اسلم راولپنڈی

راولپنڈی (کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے احکامات اور سی ٹی او راولپنڈی کی ہدایات پر ٹریفک ایجوکیشن ونگ کیجانب سے مساجد اور مدارس میں روڈ سیفٹی و ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی،دینی و دنیاوی تعلیم کیساتھ ٹریفک ایجوکیشن بھی ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر کے احکامات اور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کی ہدایات پر انچارج ٹریفک ایجوکیشن ونگ نے مساجد اور مدارس میں روڈ سیفٹی و ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی لیکچر فراہم کیا۔آگاہی لیکچر میں سٹوڈنٹس کو ون وے، ہیلمٹ، بغیر لائسنس سمیت دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں پر آگاہی فراہم کی گئی۔

اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ اسلام ہمیں حقوق العباد کا درس دیتا ہے، ٹریفک قوانین در اصل حقوق العباد کا حصہ ہے،پریکٹیکل زندگی میں دینی و دنیاوی تعلیم کیساتھ ٹریفک ایجوکیشن اور روڈ سینس لازم و ملزوم ہیں، مساجد سب سے بڑی درسگاہیں ہیں،ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی کا مقصد شاہراہوں کو حادثات سے محفوظ بنانا ہے۔ہمیں دوران ڈرائیونگ صبر و برداشت کے دامن کو نہیں چھوڑنا چاہیے.