راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)سیکریٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر) نورالامین منگل کی خصوصی ہدایات اور ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی نگرانی میں آر ڈی اے کی ٹیم سیلاب متاثرین کی معاونت کے لیے سرگرم عمل ہے۔ آر ڈی اے ٹیم نے سیلاب متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کے لیے امدادی سامان پر مشتمل کھیپ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) لاہور روانہ کی۔ امدادی سامان میں 300 بوتلیں صاف پینے کے پانی کی، 125 خشک راشن بیگز، 50 کارٹن خشک دودھ اور ضروری ادویات شامل تھیں۔
ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے مزید سامان کی تیاری اور متاثرہ علاقوں تک بروقت ترسیل کے لیے آر ڈی اے افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اداروں کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ عوام کو زیادہ سے زیادہ تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ کھانے پینے کی اشیاء، صاف پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی بروقت تیاری اور ترسیل یقینی بنائی جائے۔ اس فلاحی اقدام میں چیف پلانر، ڈائریکٹر لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول، ڈائریکٹر میٹرو پولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ، ڈائریکٹر فنانس .
اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول، اسکیمز سپرنٹنڈنٹس اور دیگر متعلقہ افسران سرگرم عمل ہیں۔ ڈی جی آر ڈی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اتھارٹی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پنجاب حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے امدادی اقدامات میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔