راولپنڈی (کرائم رپورٹر ) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) راولپنڈی، فرحان اسلم نے شہر کے تمام ہسپتالوں کے باہر غیر قانونی پارکنگ اور پارکنگ اسٹینڈز کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ہسپتالوں کے داخلی و خارجی راستوں پر کسی قسم کی رکاوٹ یا غلط پارکنگ کو ہر صورت ختم کیا جائے۔
سی ٹی او فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں کے باہر نو پارکنگ ایریاز میں گاڑیوں کی غلط پارکنگ نہ صرف مریضوں اور ایمرجنسی گاڑیوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ بنتی ہے بلکہ بعض اوقات یہ کسی کی جان جانے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ انہوں نے ٹریفک وارڈنز اور متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ہسپتالوں کے باہر پارکنگ کے نظام کو بہتر بنانے اور ایمرجنسی رسپانس میں خلل ڈالنے والی گاڑیوں کے خلاف فوری ایکشن لیں۔
فرحان اسلم نے کہا کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور ٹریفک کی روانی کو بلا تعطل جاری رکھنا محکمہ ٹریفک کی اولین ترجیح ہے، تاہم اس کے لیے عوام کو بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا:
“ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی کے لیے ہمیں انفرادی طور پر بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔”
سی ٹی او نے مزید کہا کہ دیگر روڈ یوزرز کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر بھر میں قانون نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک سے متعلق آگاہی مہمات کا سلسلہ بھی جاری ہے، تاکہ عوام میں ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور اجاگر کیا جا سکے۔