پاکستان بمقابلہ ساؤتھ افریقہ کرکٹ میچز: سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا جامع ٹریفک پلان جاری، 367 اہلکار تعینات، متبادل راستے، پارکنگ اور شٹل سروس کی سہولت فراہم

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کے احکامات پر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا ڈبل روڈ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان بمقابلہ ساؤتھ افریقہ کرکٹ میچز کے حوالے سے شہریوں اور شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری۔ ٹریفک پولیس کے 367سے زائد افسران و جوان تعینات۔دوران میچز و موومنٹ ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات بھی مکمل۔شہریوں کی رہنمائی کیلئے سوشل میڈیا پیجز اور ریڈیو اسٹیشن کے ذریعے ٹریفک صورتحال کے متعلق لمحہ با لمحہ آگاہی فراہم کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے چیف سکیورٹی آفیسر محمد وسیم نے ڈبل روڈ کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں پاکستان اورساؤتھ افریقہ کے مابین کھیلے جانیوالے کرکٹ میچز کے دوران شہریوں کو ٹریفک کی بہترین سہولیات فراہم کرنے اورپارکنگ و ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کے حوالے سے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا۔

پاکستان ساؤتھ افریقہ کرکٹ میچز کے دوران ٹریفک پولیس کے367سے زائد افسران و جوا ن ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ کرکٹ ٹیموں کی سٹیڈیم آمد و روانگی کے وقت ٹریفک کو عارضی طور پر کم سے کم وقت کیلئے متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔متبادل راستوں پر ٹریفک کو رواں رکھنے کیلئے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے 3جگہوں پر پارکنگ کی سہولیات فراہم کی گئی ہے جن میں سول ایویشن گراؤنڈ شاہین چوک، شہباز شریف پارک نزد شاہین چوک اور گریجویٹ ڈگری کالج سیٹلائیٹ ٹاؤن شامل ہے۔پارکنگ ایریا سے اسٹیڈیم تک رسائی کیلئے شٹل سروس کی سہولت فراہم کیجا رہی ہے۔کرکٹ ٹیموں کی سٹیڈیم تک آمد اور واپسی کے وقت مری روڈ کو فیض آباد سے ڈبل روڈ تک عارضی طور پر بند کیا جائے گا اس دوران اسلام آباد سے آنیوالی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب ڈائیورٹ کیا جائے گاجبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانیوالی ٹریفک براستہ 6thروڈ سید پورروڈ کا استعمال کرتے ہوئے اسلام آبادداخل ہو سکے گی، غوثیہ چوک سے آنیوالی ٹریفک کو براستہ فاروق اعظم روڈ، کری روڈ کی طرف موڑا جائے گا۔دوران میچ اسٹیڈیم روڈ 9thایونیو چوک سے ڈبل روڈ تک دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند ہو گی۔ اس دوران اسلام آباد9thایونیو سے آنیوالی ٹریفک براستہ فیض آباد ایکسپریس وے اور IJPروڈ سے پنڈورہ چونگی، کٹاریاں، کیرج فیکٹری، پرودھائی موڑ،چک مدد سے راولپنڈی میں داخل ہو سکے گی جبکہ راولپنڈی سے ڈبل روڈ 9thایونیواسلام آباد جانیوالی ٹریفک براستہ مری روڈ فیض آباد اسلام آباد داخل ہو سکے گی۔

اس مو قع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ دوران میچ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کیلئے راولپنڈی کی اہم شاہراہوں پرمتبادل راستوں اور پارکنگ کے متعلق ٹریفک پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز اور ریڈیو اسٹیشن 88.6کے ذریعے بھی شہریوں کو ڈائیورشن پوائنٹس اورٹریفک صورتحال کے متعلق بھی لمحہ با لمحہ آگاہی فراہم کی جائے گی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی ہر مو قع پر شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے، ٹیموں کی سکیورٹی اور شہر میں ٹریفک کی بلا تعطل روانی سکیورٹی اداروں و ٹریفک پولیس سے زیادہ شہریوں کے تعاون سے مشروط ہے،لہذا میری شہریوں سے گزارش ہے کہ دوران ڈرائیونگ شاہراہوں پر موجود ٹریفک سٹاف سے مکمل تعاون اور انکی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔