انسداد پولیو مہم میں وہاڑی نے 92 فیصد ہدف حاصل کرلیا، ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر کا کارکردگی پر اظہار اطمینان

وہاڑی (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم میں 6 لاکھ 41 ہزار 220 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر تھا، جن میں سے 6 لاکھ 11 ہزار 872 بچوں کو ویکسین پلائی جا چکی ہے، اس طرح مہم کے تین روز میں 92 فیصد ہدف حاصل کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر نے مہم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنا انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو ٹیمیں کیچ اپ ڈے کے دوران رہ جانے والے بچوں تک ہر صورت رسائی یقینی بنائیں تاکہ مہم کا سو فیصد ہدف حاصل کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام افسران کیچ اپ ڈے میں بھرپور متحرک رہ کر مہم کی موثر نگرانی کریں۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید، سی ای او ایجوکیشن ناصر عزیز، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر یوسف شہزاد، ڈی ایس سی ڈاکٹر اجواد صہیب، ڈی ایس وی ذوالفقار، فوکل پرسن ای پی آئی فضل دین اور دیگر افسران شریک ہوئے۔