راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل کنزہ مرتضیٰ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں شہری ترقی، جائیداد کی منتقلی اور ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے متعلق اہم تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں دو کلیدی تجاویز پر تفصیلی بات چیت کی گئی: کثیر المنزلہ منصوبوں میں یونٹس کی منتقلی کا نظام، یہ تجویز ان تمام رہائشی، تجارتی اور مخلوط استعمال کے منصوبوں کے لیے پیش کی گئی جو آر ڈی اے سے منظور شدہ ہیں۔ اس کا مقصد یونٹس کی منتقلی کے عمل کو باقاعدہ بنانا اور عوامی مفاد کو تحفظ دینا ہے۔
ڈیجیٹل الاٹمنٹ اور منتقلی کے لیے QR کوڈ پر مبنی نظام، اس نظام کے تحت نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ اور منتقلی کی تمام دستاویزات کو QR کوڈ سے منسلک کیا جائے گا، تاکہ شفافیت، سیکیورٹی اور عوامی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے ان اقدامات کو شفافیت، مؤثر گورننس اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے متعلقہ شعبہ جات کو فوری عملدرآمد کے لیے ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل منصور احمد خان، چیف پلانر محمد طاہر میو، ڈائریکٹر ایڈمن و فنانس افتخار علی، ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول سمیع اللہ نیازی .
ڈائریکٹر میٹروپولیٹن پلاننگ و ٹریفک انجینئرنگ عاطف چوہدری دیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈی جی آر ڈی اے نے ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی داؤد خالد، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ علی رضا، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس محمد شعیب خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ مہوش نسیم کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔