چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کا لائسنسنگ ہال کا اچانک دورہ، شہریوں سے سہولیات پر فیڈبیک، بہتری کیلئے اہم ہدایات جاری

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کاٹریفک ہیڈ کواٹر کے لائسنسنگ ہال کا اچانک معائنہ۔ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آنیوالے شہریوں سے فراہم کردہ لائسنسنگ سہولیات کے متعلق استفسار۔لائسنسنگ سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری۔تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے ٹریفک ہیڈ کواٹر لائسنسنگ ہال میں شہریوں کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے اچانک معائنہ کیا۔ انھوں نے تمام کاؤ نٹرز میں کام کے طریقہ کار کو چیک کیا۔انچارج لائسنسنگ کو لائسنسنگ ہال میں ایک کاؤنٹر سینئر سٹیزن،خواتین اور ٹرانسجینڈرز کیلئے مختص کرنے کیساتھ ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

سی ٹی او راولپنڈی نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آنیوالے شہریوں سے راولپنڈی پولیس کیجانب سے فراہم کردہ لائسنسنگ سہولیات کے متعلق استفسار بھی کیا۔ شہریوں کیجانب سے ڈرائیونگ لائسنسنگ اور ون ونڈوسسٹم کو سراہا گیا۔اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ راولپنڈی ٹریفک پولیس آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے مطابق شہریوں کیلئے ٹریفک ہیڈ کواٹر سمیت تمام سینٹرز میں ڈرائیونگ لائسنس کو صرف اصلی شناختی کارڈ کے ذریعے ممکن بناتے ہوئے تمام تر سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کر رہی ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ جو شہری ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو مشکل سمجھتے ہیں وہ راولپنڈی ٹریفک پولیس کو خدمت کا موقع دیں اور صرف اصلی شناختی کارڈ کے ذریعے بغیر کسی سفارش کے ٹیسٹ پاس کرنے کے بعدباعزت طریقے سے اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں۔