ایف ڈی اے کا غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ستیانہ روڈ پر چار غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنا دی اس دوران تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار اور دفاتر کو سربمہر کر دیا گیا۔

ترجمان ایف ڈی اے کے مطابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کو چیک کیا تو ستیانہ روڈ پر سٹی ہومز، سفائر انکلیو، بلاسم ایونیو اور پام سٹی کے ناموں سے چار غیرقانونی سکیموں کے قیام کی کوشش کی جا رہی تھی جن کے خلاف فوری آپریشن کرکے غیرقانونی طور پر تعمیرں کی گئی چار دیواروں،جنگلوں اور دیگر تعمیرات ڈھانچوں کو مسمار اور موقع پر موجود دفاتر کو سربمہر کر دیا گیا۔

ڈویلپرز سے کہا گیا ہے کہ وہ ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کے لئے تمام تر قانونی اور محکمانہ تقاضے پور ے کر کے ایف ڈی اے سے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جاسکتے ہیں ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یاسرمایہ کاری کرنے سے قبل اسکی قانونی حیثیت ضرور چیک کر لیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی قسم کی پریشانی یا مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ سے رابطہ کیاجا سکتا ہے۔