راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں بڑھتی ہوئی اسموگ کی صورتحال کے پیشِ نظر ٹریفک پولیس اہلکاروں اور ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کی ٹیموں کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی میں بھی تمام ٹریفک پولیس اہلکار جو ٹریفک کے دوران گاڑیوں کے دھوئیں کے زیرِ اثر کام کرتے ہیں، وہ لازمی طور پر ماسک پہنیں تاکہ اپنی صحت کو محفوظ رکھ سکیں۔
انہوں نے متعلقہ اعلیٰ افسران کو ہدایت کی کہ حکومتِ پنجاب کے اس حکم پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔اسی طرح ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کے تمام عملے کے لیے بھی ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اعلیٰ افسران خود نگرانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ صوبہ بھر میں ماسک پہننے کی پابندی پر مکمل طور پر عمل ہو۔یہ اقدام حکومتِ پنجاب کی جانب سے اسموگ سیزن کے دوران فضائی آلودگی کے منفی اثرات سے فرنٹ لائن ورکرز کی صحت کے تحفظ اور عوامی فلاح کیلئے کئے گئے بروقت اقدامات کا حصہ ہے۔