پاکستان اور یو این او ڈی سی کا ماحولیاتی جرائم کے خلاف اشتراکِ عمل پر اتفاق

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے انسدادِ منشیات و جرائم (UNODC) پاکستان کے کنٹری نمائندہ مسٹر ٹرولز ویسٹر نے آج اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے ملاقات کی ملاقات میں غیر قانونی الیکٹرانک تجارت، منی لانڈرنگ اور منظم غیر قانونی جنگلات کی کٹائی کے بڑھتے ہوئے باہمی تعلق اور اس کے ماحولیاتی استحکام اور نظم و نسق پر منفی اثرات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ فریقین نے اس بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کیا جو نہ صرف قدرتی وسائل کو نقصان پہنچا رہا ہے بلکہ پائیدار ترقی کے عالمی اہداف کے حصول میں بھی رکاوٹ بن رہا ہے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کے قوانین اور پالیسی فریم ورک کو مزید مؤثر اور سخت بنایا جائے تاکہ ان جرائم کے خلاف عمل درآمد کے نظام کو مضبوط کیا جا سکے مسٹر ٹرولز ویسٹر اس سے قبل انڈونیشیا میں پروگرام آفس کے کنٹری مینیجر اور میانمار میں کنٹری آفس کے پروگرام کوآرڈینیٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں. انہوں نے ماحولیاتی جرائم کے خلاف پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو سراہا اور اس ضمن میں یو این او ڈی سی کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی دونوں فریقوں نے ایک مشترکہ منصوبہ تشکیل دینے پر اتفاق کیا، جس کا مقصد اداروں کے مابین تعاون کو بہتر بنانا، قوانین اور نفاذی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، اور ان غیر قانونی سرگرمیوں کا مؤثر تدارک کرنا ہے جو ماحول اور معیشت پر منفی اثر ڈالتی ہیں.