راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے بحریہ ٹاؤن فیز-VII راولپنڈی میں آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی کمرشل عمارت، تین رہائشی کمروں اور دو سیکیورٹی گارڈز کے کمروں کو سیل کر دیا ہے۔ یہ کارروائی پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976ء اور آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2021ء کے تحت کی گئی، جن کی خلاف ورزی کرتے ہوے پراپرٹی مالک نے ضروری منظوریوں اور این او سی حاصل کیے بغیر عمارت تعمیر کی تھیں۔
آر ڈی اے ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول وِنگ کو ہدایت کی ہے کہ تجاوزات اور غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے۔ ڈی جی نے بلڈنگ کنٹرول وِنگ کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ وہ غیر قانونی رہائشی و کمرشل عمارتوں، کمرشلائزیشن، تکمیلی نقشوں، اور منظوری کی فیس و چارجز کے حوالے سے سروے مکمل کرے اور آر ڈی اے کے کنٹرولڈ ایریا میں موجود غیر قانونی عمارتوں کو ریگولرائز کرنے کے اقدامات کرے۔
ترجمان نے کہا کہ آر ڈی اے شہر کی منظم ترقی اور قوانین کے نفاذ کے لیے پرعزم ہے۔ عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اخلاقی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تجاوزات کے خاتمے میں انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ آئندہ کسی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔ یہ آپریشن اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ محمد داؤد، بلڈنگ سروئیر عامر محمود ملک اور دیگر آر ڈی اے انفورسمنٹ عملے کی زیر نگرانی کیا گیا۔