تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف بھرپور مہم چلائی جائے،آئی جی اسلام آباد

آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اعلی سطحی اجلاس۔ آئی جی اسلام آباد نے چاروں زونز کے افسران کو ٹائم فریم دیتے ہوئے کرائم پر قابو پانے اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے ٹاسک دئیے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ تھانہ کی حدود میں جو پناہ گزین ہیں ان کے متعلق مکمل معلومات حاصل کر کے ان کا ریکارڈ محفوظ کیا جائے۔کار وموٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کے سدباب کے لئے محفوظ پارکنگ کا نظام متعارف کروایا جائے گا۔غیر رجسٹرڈ، غیرنمونہ نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں ، گاڑیوں کے خلاف کارروائی ہو گی ۔

پولیس کمیونٹی سے تعلقات مضبوط کرنے کے لئے تاجران، معززین اور ہاوسنگ سوسائیٹیز کے نمائندوں سے ملاقاتیں کرے ۔ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف بھرپور مہم چلائی جائے اس سلسلہ میں زیرو ٹالرنس ہے۔اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیکر فوری کارروائیاں کی جائیں، موثر پیٹرولنگ کیلئے ایگل سکواڈ کو بڑھا کو سینٹرلائز کر دیا گیا ہے۔ تھانوں میں تفتیشی افسران کی تعداد کو بڑھا کر کیسز کے چالان کو جلد مکمل کیا جائے، ڈی آئی جی آپریشنز تھانہ جات کی انسپکشن ہر ہفتے کریں گے۔کسی بھی وقوعہ کی کال پر پولیس خود جائے گی اور ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے گاتاکہ شہریوں کو تھانے آنے کی ضرورت پیش نہ آئے ، تھانوں میں تفتیشی افسران بڑھائے جائیں گے اور پورے پاکستان سے ہر رینک کے تجربہ کار افسران کو ڈیپوٹیشن اسلام آباد پولیس میں لیا جائے۔

آئی جی اسلام نے ہدایات جاری کیں کہ جو اشتہاری مجرمان ہیں ان کی لسٹیں سوشل میڈیا پر مشتہر کی جائیں۔ ہومی سائیڈ یونٹ اور سپیشل انوسٹیگشن یونٹس شفافیت کی بنیاد پر انکوائری کریں گے جھوٹ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ کسی بھی تفتیشی آفیسر یا پولیس اہلکار کی سستی یا لا پرواہی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی ایسے پولیس افسران کی محکمہ میں گنجائش نہیں۔تفتیش کا معیار بہتر بنایا جاے گا۔ چالان مقررہ وقت کے اندر جمع کروائے جائیں گے۔ ایس پی صاحبان اپنے علاقوں میں گشت کی نگرانی کریں گے اور ذاتی طور پر ہر تفتینش کی درستگی کے ذمہ دار ہوں گے۔