وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔موٹروے پولیس سیلاب سے متاثرہ افراد کی بھرپور مالی معاونت ان کی بحالی سمیت قومی شاہرات پر ٹریفک کے بہاو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہارانسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ مو ٹروے پولیس خالد محمودنے ویسٹ زون کے دورے کے موقع پر بیٹ 14 کویٹہ میں متاثرین سیلاب کیلئے قائم فلڈ ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کرتے ہوئے کیا۔
آئی جی خالد محمود نے مزید کہا کہ موٹروے پولیس نے سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں میں ریلیف کیمپ، صحت کے مراکز قائم کیے۔جہاں سیلاب زدگان میں کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کی جارہی ہیں۔آئی جی خالد محمود نے کہا خدمت خلق ہما را بنیادی نصب العین ہے۔ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کی ہر ممکن اور بروقت مدد کیلئے بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔ خالد محمود نے ڈی آ ئی جی ویسٹ زون جاوید علی مہر کو ہدایت دی کہ متاثرین کی بحالی تک امداد کا کام جاری رکھا جائے۔