وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نجی شاپنگ مال سینٹورس میں آگ بھڑک اٹھی جہاں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔اسلام آباد کے علاقے سیکٹر ایف ایٹ میں واقع سینٹورس مال میں رہائشی اپارٹمنٹ بھی موجود ہیں جہاں بڑی تعداد میں جڑواں شہروں کے لوگ شاپنگ کے لیے جاتے ہیں۔
امدادی ٹیموں کے آنے میں تاخیر کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور آگ سے دھوئیں کے بادل دور سے دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ فوری طور پر آگ بھڑکنے کی وجہ سامنے نہیں آئی۔
دارالحکومت کی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں مال میں موجود تمام افراد کے بحفاظت انخلا سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم مال کے اندر سرچ آپریشن کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مال کے اندر آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور کسی بھی دکان کو نقصان نہیں پہنچا البتہ مال کے بیرونی حصہ میں ہلکی آگ موجود ہے جسے بجھایا جارہا ہے۔
دریں اثنا پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ ادارہ آگ بجھانے کی کوششوں میں بھی مدد کر رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ بحریہ کی ایک ٹیم اور تین فائر ٹینڈرز زیر استعمال ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے سینٹورس مال میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کے متعلقہ اداروں اور حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بہت افسوس ہے کہ اس معروف کاروباری مرکز میں یہ واقعہ رونما ہوا ہے، دعا ہے کہ کوئی جانی نقصان نہ ہوا ہو جبکہ متاثرین کے مالی نقصانات پر افسوس اور ہمدردی ہے