ملک میں بڑھتی ہوئی بد امنی کی صورتحال تشویشناک ہے، سید ناصر عباس شیراز

اسلام آباد(سی این پی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی خراب ہے، بڑھتی ہوئی بد امنی اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے

جس کی تازہ مثال مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی کے بھانجے کا اغوا ہے، عاطف علی ڈومکی کو آج صبح کندھ کوٹ سے اغوا کیا گیا ہے، جس کی بازیابی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے، ضلع کشمور میں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں

مقامی انتظامیہ نے بد امنی کی اس سنگین صورت حال میں عوام کو تنہا چھوڑ دیا ہے، جبکہ کشمور کے ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ مغوی کو گھوٹکی سے اغوا کیا گیا ہے۔ جب کریڈٹ لینا ہو تو فورا بیان دیئے جاتے ہیں کہ ڈاکوں کو ہم نے مارا ہے لیکن اب ذمہ داری نبھانے سے قاصر نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملکی اقتصادی صورتحال کئی ماہ سے ابتری کا شکار ہے، جسے سنبھالنے کی بجائے مزید خرابی کی طرف دھکیلا جارہا ہے، انتظامیہ کی جانب سے عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنانے والے سماج دشمن عناصر کی بیخ کنی کرنے کی بجائے، اپنے فرائض منصبی سے پہلو تہی کی جا رہی ہے

ملکی سیاسی و معاشی صورتحال اس قدر زبوں حالی کا شکار ہے کہ اس طرح کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، لیکن افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، لوگوں کی جان و مال کے محافظ ادارے مٹھی بھر عناصر کے سامنے مکمل طور پر بے بس نظر آتے ہیں۔