اسلام آباد(سی این پی) قائد اعظم یونیورسٹی سی ڈی اے کی اربوں روپے کی مقروض نکلی،15سو ایکٹر سے زائد اراضی پر محیط قائد اعظم یونیورسٹی کی لیزدوبارہ تجدید نہیں کرائی جاسکی ہے۔
سینیٹ وفاقی تعلیم کمیٹی کے اجلاس میں سی ڈی اے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ اس وقت قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے ذمے سی ڈی اے کے 34ارب روپے سے زائد کے بقایا جات ہیںاور یہ بقایاجات یونیورسٹی کے زمین کی لیز مدت ختم ہونے اور دوبارہ تجدید نہ کرانے سمیت مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی وجہ سے جمع ہوئے ہیں
حکام کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی کے پاس یہ بقایاجات جمع کرانے کےلئے رقم موجود نہیں ہے اور سی ڈی اے کی جانب سے بار بار کی یاد دہانیوں کے باوجود بھی یونیورسٹی کی جانب سے کسی قسم کا جواب نہیں دیا جارہا ہے، انہوں نے کہاکہ اگر یونیورسٹی ان بقایا جات میں سے کچھ رقم کی ادائیگی کرتی ہے تو بہت زیادہ جرمانے ختم ہوسکتے ہیں، جس پر چیرمین کمیٹی نے کہاکہ ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے پاس اس وقت فنڈز کی شدید قلت ہے اور وہ ادائیگیاں کرنے سے قاصر ہیں۔