لینڈ مافیاتاجی کھوکھر (مرحوم)کے بیٹے فرخ کھوکھر پر اہلیہ کے قتل کا الزام ،31 سالہ رمشا کی پھندا لگی لاش گھر سے برآمد

راولپنڈی(سی این پی)سابق ڈپٹی سپیکر حاجی نواز کھوکھر کے بھتیجے اور معروف لینڈ مافیا تاجی کھوکھر(مرحوم) کے بیٹے فرخ کھو کھر پر 31سالہ بیوی کو گھر میں قتل کرنے کا الزام، پھندا لگی لاش گھر سے برآمد کرلی گئی، پولیس نے لاش ہسپتال پہنچا دی۔

تفصیل کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ کے علاقہ میں لینڈ مافیا فرخ کھوکھر پر اپنی 31 سالہ بیوی کو بیوی کو قتل کرنے کا الزام ہے،فرخ کھوکھر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں، پولیس نے 31 سالہ رمشاکی پھندا لگی لاش گھر سے برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی، پولیس کے مطابق راولپنڈی کے لینڈ مافیا فرق کھوکھر کے گھر سے اس کی 31 سالہ بیوی رمشاہ کی پھندا لگی لاش کمرے میں پائی گئی۔ فرخ کھوکھر کے بھائی عمر کھوکھر نے پولیس کو کال کر کے رمشا کی خودکشی کی اطلاع دی۔پولیس جب موقع پر پہنچی تو مقتولہ رمشا کے بھائی علی رضا نے بہن کے قتل کا الزام فرخ کھوکھر پر لگایا کہ فرخ کھوکھر نے اس کی بہن کو قتل کیاہے، پولیس چوکی گلزار قائد نے لاش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال پہنچا دیا پولیس کی ابتدائی تفتیش جاری ہے ،پولیس کے مطابق فرخ کھوکھر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں جن کی تلاش کے لئے پولیس مختلف علاقوں میں چھاپے ماررہی ہے ۔یاد رہے کہ فرخ کھوکھر سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی حاجی نواز کھوکھر کا بھائی تاجی کھوکھر کا بیٹا ہے اور موجودہ پیپلز پارٹی کے باغی رکن مسابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کا کزن ہے

ایس پی پوٹھوہارنے میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچی اورجائے وقوعہ سے شواہد حاصل کر لئے ،نعش کی شناخت رمشا فرخ کے نام سے ہوئی ہے جسے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، متوفیہ/مقتولہ کے بھائی کی درخواست پر قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے، نعش کا پوسٹ مارٹم کروایا جا رہا ہے، پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کی روشنی میں وجہ موت کے حتمی رائے قائم کی جا سکے گی، واقعہ پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنایا جائے گا۔