آر آئی یو جے کے زیر اہتمام کے ٹی این سکھر کے بیوروچیف جان محمد مہر شہید کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

اسلام اباد(سی این پی) راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کے زیر اہتمام کے ٹی این سکھر کے بیوروچیف جان محمد مہر شہید کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور نیشنل پریس کلب پر سیاہ پرچم لہرایا گیا جڑواں شہروں کے صحافیوں نے وفاقی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ جان محمد مہر کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار پورے پاکستان تک بڑھا دیا جائیگا

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے سابق سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے کہا کہ جان محمد مہر کے قاتلوں کو سندھ کے وڈیروں اور طاقتور طبقے کی پشت پناہی حاصل ہے سندھ بھر کے اندر جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے بھوک ہڑتال کیمپ لگائے گئے ہیں اگر قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو پورے پاکستان میں احتجاجی کیمپ لگائے جائینگے آر آئی یو جے کے صدر عابد عباسی نے کہا ہے ہم جان محمد مہر کو اپنے خاندان کا فرد سمجھتے ہیں ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت سندھ ہوش کے ناخن لے جان میر کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرے مقتول کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرے،صئافیوں نے اس ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں تشدد اور قید کاٹی ہے لیکن حق اور سچ لکھنا نہیں چھوڑا

آر ائی یو جے کے جنرل سیکرٹری طارق علی ورک نےکہا کہ جان محمد مہر کو شہید ہوئے دو ماہ گزر چکے ہیں لیکن ابھی تک سندھ حکومت اور سندھ پولیس قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے صورت حال یہ ہے کہ جان مہر کے خاندان کو دھمکیاں ملنا شروع ہو گئی ہیں پاکستان میں صحافیوں پر تشدد کیا جارہا ہے ان کو قتل کیا جارہا ہے لیکن حکومت کی طرف سے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے جا رہے ہم جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری تک جدوجہد جاری رکھیں گے

نیشنل پریس کلب کے جنرل سیکرٹری خلیل راجہ نے کہا کہ پاکستان میں صحافی عدم تحفظ کا شکار ہیں آئے روز صحافیوں کو اغوا ،تشدد نشانہ اور قتل کیا جاتا ہے لیکن ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاتا جس سے پوری دنیا میں پاکستان کا امیج خراب ہو رہا ہے آر آئی یو جے کے نائب صدر چودھری شاھد اجمل نے کہا کہ جان محمد مہر نے ہمیشہ حق وسچ کی بات کی اسی جرم کی پاداش میں انہیں قتل کیا گیا قاتلوں کا گرفتار نہ ہونا سندھ حکومت کیلئے باعث شرم ہے نائب صدر نیشنل پریس کلب نذیر چرن اور سنئیر صحافی و بیوروچیف کے ٹی این ٹی وی اسد شرنے کہا کہ اپنے ساتھی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور چین سے نہیں بیٹھیں گے