اسلام آباد(سی این پی )تھانہ کھنہ میں تعیناتی کے دوران زیر تفتیش ملزم پر وحشیانہ تشدد کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر صرف معطلی کی سزا پانے اور بعدازاں تھانہ بدر کئے گئے سب انسپکٹر تنویر کیانی کی شہری کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کا ایک اور واقعہ منظر عام پر آگیا۔ تھانہ شہزاد ٹاؤن میں تعینات سب انسپکٹر تنویر کیانی نے پمز ہسپتال کے آفیسر سے ہتک آمیز سلوک کرتے ہوئے انہیں پینٹ کی بیلٹ اتارنے کا کہا۔ شہری کی جانب سے انکار پر اسے چار گھنٹے تک تھانے میں حبسِ بے جا میں رکھا گیا اور جان خلاصی کے لئے 25 ہزار روپے رشوت کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ متاثرہ شہری نے آئی جی اسلام آباد کو تحریری درخواست دے دی ہے۔ جس پر انکوائری شروع ہوگئی ہے۔
محلہ عرفان آباد ترامڑی چوک اسلام آباد کے رہائشی اور پمز ہسپتال میں گریڈ سولہ کے آفیسر چیف ٹیکنیشن ایکسرے عبدالطیف نے آئی جی اسلام آباد کو تحریری درخواست دیتے ہوئے بتایا کہ 14 اکتوبر 2023ء کو محلے میں بچوں کا جھگڑا ہوا۔ اس دوران مخالف پارٹی کے بڑے بھی آگئے۔ جس پر میں نے ون فائیو پر کال کی کہ کہیں جھگڑا بڑھ نہ جائے۔ لیکن پولیس کا کوئی اہلکار موقع پر نہیں آیا۔ میں نے تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درخواست دے دی۔ لیکن آدھے گھنٹے کے اندر محلے کے معززین نے دونوں پارٹیوں کے مابین صلح کروا دی۔ وقوعہ کے دوسرے روز اتوار 15 اکتوبر کی صبح ساڑھے دس بجے مجھے تھانہ شہزاد ٹاؤن میں تعینات سب انسپکٹر تنویر کیانی نے فون کرکے تھانے بلالیا۔ جب میں تھانے پہنچا تو مجھے تنویر کیانی نے کہاکہ آپ کا رات کو جھگڑا ہوا تھا۔ میں نے کہاکہ ہماری صلح ہوگئی ہے۔ جس پر وہ تلملا گیا اور بولا کہ آپ خود سے کیسے صلح کرسکتے ہیں؟ سب انسپکٹر نے انتہائی ہتک آمیز رویہ اختیار کیا۔ حالانکہ میرے خلاف کوئی درخواست نہیں تھی بلکہ میں نے جھگڑے کی درخواست دی تھی لیکن اس کے باوجود مجھ سے موبائل فون، پرس وغیرہ لے کر ایک اہلکار سے کہاکہ اسے حوالات میں بند کر دو۔ اسی دوران مجھ سے کہاکہ اپنی پینٹ کا بیلٹ اتارو۔ میں نے ایسا کرنے سے صاف انکار کر دیا۔ جس پر مجھے بلا وجہ چار گھنٹے تک تھانے میں حبسِ بے جا میں رکھا گیا اور جان چھڑوانے کے لئے 25 ہزار روپے کا مطالبہ کیا۔
بعدازاں میرے قریبی عزیز اور رشتہ دار بھی تھانے آ گئے۔ جس پر سب انسپکٹر کو چاروناچار مجھے چھوڑنا پڑا۔ متاثرہ شہری نے آئی جی اسلام آباد کو تحریری درخواست دیتے ہوئے مذکورہ پولیس آفیسر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ پولیس آفیسر قبل ازیں بھی شہریوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کرنے کی شکایات پر معطل ہوچکا ہے۔ چند ماہ قبل تھانہ کھنہ میں تعیناتی کے دوران مذکورہ آفیسر ایک شہری پر تھانے کے اندر وحشیانہ تشدد کرتا رہا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو پولیس حکام کو ایکشن لینا پڑا۔ تاہم سزا صرف معطلی تک تھی اور اسے دوبارہ عوام کی کھال کھینچنے کے لئے چھوڑ دیا گیا اور تھانہ کھنہ سے تھانہ شہزاد ٹاؤن تبادلہ کر دیا گیا۔ متاثرہ شہری عبدالطیف کے مطابق سب انسپکٹر تنویر کیانی نفسیاتی مریض ہے۔ اس کا مکمل علاج کرایا جائے بصورت دیگر یہ کسی شہری کی جان لے سکتا ہے۔ پولیس حکام اس کے خلاف سخت کارروائی بھی کرے۔