نواز شریف کی وطن واپسی سے انتخابی ماحول بننا شروع ہوگیا ہے،حامد نواز راجہ

راولپنڈی (سی این پی)مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق تحصیل ناظم حامد نواز راجہ نے نواز شریف کو مرد بحران اور پاکستان کا نجات دہندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی سے نہ صرف مسلم لیگ ن پوری طاقت کے ساتھ زندہ ہو گئی ہے بلکہ پورے ملک میں سیاسی اور انتخابی ماحول بننا شروع ہو گیا ہے ملک میں موجودہ سیاسی و معاشی عدم استحکام کی تمام تر ذمہ داری تحریک انصاف پر عائد ہوتی ہے جس نے بالخصوص ساڑھے3سال میں قوم کی منفی برین واشنگ کی آرمی چیف او ر نگران حکومت کی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں موجودہ صورتحال میں الیکشن سے قبل مہنگائی پر قابو اور عوام کو واضح ریلیف ناگزیر ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شام راولپنڈی پریس کلب کے دورے کے موقع صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیااس موقع پر انچارج راولپنڈی پریس کلب شکیلہ جلیل اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی راجہ حامد نواز نے کہا کہ میں پرانا مسلم لیگی ہوں اور مسلم لیگ سے گہرا رشتہ ہے مسلم لیگ خواہ”ق“ کی شکل میں ہو یا”ن“ کی شکل ہے یہی وجہ ہے کہ پیشکش کے باوجود نامساعد سیاسی حالات میں بھی تحریک انصاف میں شمولیت نہیں کی میری خواہش ہے کہ پوری مسلم لیگ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا جائے ن لیگ میں شمولیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی کے درمیان دوری کی وجہ سے مجھے ذاتی اور سیاسی نقصان ہوا چوہدری برادران سے دیرینہ اور گہرا تعلق ہونے کی وجہ سے میرے لئے یہ فیصلہ مشکل تھا کہ میں چوہدری شجاعت کا ساتھ دوں یا چوہدری پرویز الٰہی لیکن چونکہ چوہدری پرویز الٰہی نے غلط سیاسی فیصلہ کیااس لئے میں نے چوہدری شجاعت کاساتھ دیا اور اب چونکہ چوہدری شجاعت صحت کی ناسازی کے باعث سیاسی طور پر متحرک نہیں رہے اسی لئے مسلم لیگ ن میں شولیت اختیار کر لی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساڑھے3سالہ منفی اور بے ہودہ پروپیگنڈے کے باوجود مسلم لیگ ن کا ووٹ بنک متاثر نہیں ہوا تحصیل ناظم کے طور پر عوامی خدمات کے صلے میں راولپنڈی کے عوام کی خواہش ہے کہ میں انتخابات میں حصہ لوں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 3مارچ کے بعد سے راجہ بشارت سے کوئی ملاقات نہیں انہوں نے کہا کہ 9مئی ایک یاسا واقعہ ہے جس کے بعد ہم کسی سپورٹ نہیں کر سکتے البتہ میری خواہش ہے کہ راجہ بشارت دوبارہ ن لیگ میں شمولیت اختیار کریں اور ہم تینوں بھائی دوبارہ ایک سیاسی پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوں انہوں نے کہا کہ عوام کو اب تحریک انصاف کے منفی پروپیگنڈے اور جادوئی اثرات سے باہر نکل کر شخصیت پرستی کی بجائے حب الوطنی کے جذبے کے تحت سوچنا چاہئے۔