انخلاء کی آڑ میں ہزارہ برادری کوبے دخل کرنے کی کوشش ناقابل قبول ہے،راجہ ناصر عباس

اسلام آباد (سی این پی ) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ افغان مہاجرین کے انخلاء کی آڑ میں پاکستانی ہزارہ برادری کو ملک سے بے دخل کرنے کی کوشش ناقابل قبول اور ملک میں ایک نیا بحران کھڑا کرنے کے مترادف ہے، ہزارہ برادری کئی نسلوں سے یہاں آباد ہے، جنہوں نے قومی سطح پر تمام شعبہ ہائے زندگی میں قابلِ قدر خدمات سر انجام دیں ہیں، چاہے وہ سابق آرمی چیف جنرل محمد موسیٰ ہوں یا شہید باکسر سید ابرار احمد ہوں، اپنے ہی شہریوں کو مہاجرین کی فہرست میں ڈالنا قومی، لسانی اور مسلکی تعصب کو ہوا دینا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ کچھ نادیدہ قوتیں ملک میں دانستہ طور پر بحرانی کیفیت پیدا کرنا چاہتی ہیں، ایسی سوچ پر قدغن لگانے کی اشد ضرورت ہے، لہذا صاحبانِ اقتدار کو چاہیے کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور اس طرح کے غیر دانشمندانہ اقدامات سے گریز کریں جن سے پہلے سے ہی دہشت گردی اور شدت پسندی سے شدید متاثرہ ہزارہ برادری مزید عتاب کا نشانہ بنے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عجلت میں پاکستانی ہزارہ برادری کو کسی قسم کا عدم تحفظ کا شکار نہ کیا جائے۔