گھسے پٹے نعروں سے ملکی تقدیر نہیں بدل سکتی، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی

اسلام آباد (سی این پی) ملک میں موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ ہونے والے الیکشنز کے حوالے سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے پاس ملک کو معاشی بحران اور بدحالی سے نکالنے کے لیے کوئی پالیسی موجود نہیں، ماضی کی طرح اس وقت بھی مختلف کھوکھلے اور گھسے پٹے نعروں سے عوام کو دھوکا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، اسلامی تحریک پاکستان آج بھی عوام کا اولین انتخاب ہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی مدبرانہ قیادت میں سیاسی میدان میں بھی پوری قوت کے ساتھ اتریں گے، ملک و قوم کی فلاح کے لیے ہمارے کارکنان نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، اس ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے عوام اس بار اسلامی تحریک کو ووٹ دیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے پاس ملک کو معاشی بحران اور بدحالی سے نکالنے کے لیے کوئی قابل عمل اور پائیدار لائحہ عمل موجود نہیں، ملکی اقتدار پر سالہاسال سے برسرِ اقتدار رہنے والے افراد عوامی مسائل کا حل نکالنے میں ناکام رہے ہیں، ملک اور عوام کو بدحالی سے نکالنے اور ریلیف فراہم کرنے کی بجائے مشکلات میں آئے روز اضافہ ہوا ہے، جذباتی نعروں سے عوام کی تقدیر نہیں بدل سکتی، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بدعنوان حکمرانوں کو عوام پر مسلط کیا جاتا ہے، ملک میں یہ مشق گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہے لیکن غربت و بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، اس وقت جہاں وطن عزیز کا تحفظ بہت ضروری ہے وہاں دین مبین اور اسلامی اقدار کا تحفظ بھی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔