راولپنڈی (سی این پی )لاہور سے اغواء ہونے والا کم عمر لڑکا راولپنڈی سے بازیاب کرالیا گیا،اغوا کاربچے کو گاڑی سے اتار کر فرار ہوگئے ۔
لیاقت باغ کے قریب مشکوک حالت میں موجود لڑکے کو وارڈنز نے فرض شناسی کرتے ہوئے تحویل میں لیکر والدین کو ڈھونڈ نکالا۔
تفصیلات کے مطابق لیاقت باغ کے قریب ایک چودہ سالہ لڑکا مشکوک حالت میں دیکھ کر ٹریفک وارڈنز شیراز اور نعمان نےاسکو مکمل تلاشی کے بعد تحویل میں لے کر اعلیٰ افسران کو آگاہ کیا اور چوکی منتقل کر دیا
سرکل آفیسر ظفر عالم نےآ کر اس سے تفصیلات لیں تو بچہ نے اپنا نام جنید ولد محمد حمیدبتایا اور کہا کہ لاہور میں مدرسہ کا طالب علم ہوں نامعلوم افراد گاڑی میں ڈال کر لے آئے اور یہاں شہر میں کسی جگہ چھوڑ دیا
دو گھنٹے پیدل چلتا رہا جہاں وارڈنز مل گئے سرکل آفیسر ظفر عالم نے بچہ کے بتائے ہوئے ایڈریس پر رابطہ کیا اور والد سے بات کرائی
جس پر والد نے روتے ہوئے بتایا کہ میں کل سے لاہور کی مساجد میں اعلانات کروا رہا ہوں ۔
انہوں نے سٹی ٹریفک پولیس کا شکریہ ادا کیا اور اپنے مقامی رشتہ داروں کو پولیس کے پاس بھجوایا۔
جہاں بعد از تصدیق اور شناختی دستاویزات لےکرحسب ضابطہ بچہ کو لواحقین کے حوالے کر دیا ۔
سی ٹی او تیمور خان نے وارڈن کی فرض شناسی پر اسے شاباش اور تعریفی سرٹیفکیٹ دیا اور کہا کہ وارڈنز ٹریفک کی روانی کیساتھ ساتھ شہریوں کی مدد کا جذبہ بھی رکھتے ہیں۔