وفاقی پولیس نے رجسٹرڈ گاڑیوں کو ای چالان کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی

اسلام آباد(سی این پی)اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے آزاد جموں و کشمیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ سے رجسٹرڈ گاڑیوں کو ای چالان جاری کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی،وفاقی دارالحکومت میں آزاد جموں و کشمیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ سے رجسٹرڈ 01 لاکھ 80ہزارسے زائد گاڑیوں کا ریکارڈ سیف سٹی اسلام آباد ای چالان نظام سے منسلک کر لیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے آزاد جموں و کشمیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ سے رجسٹرڈ گاڑیوں کو ای چالان جاری کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے ،سیف سٹی ای چالان نطام کے ذریعے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالی آزاد جموں و کشمیر ای ٹی او سے رجسٹرڈ گاڑیوں کو بھی ای چالان جاری کئے جائیں گے

وفاقی دارلحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں کثیر تعداد آزاد جموں و کشمیر سے رجسٹرڈ گاڑیوں کی تھی ،جن کا ڈیٹا سیف سٹی ای چالان نظام میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے انہیں ای چالان جاری کرنے میں مشکلات درپیش آرہی تھی،جس پر اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے آزاد جموں و کشمیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ سے 01 لاکھ 80 ہزار سے زائد گاڑیوں کا ریکارڈ لیکر ای چالان نظام سے منسلک کر لیا جسکی وجہ سے ای چالان ٹکٹس جاری کرنے میں آسانی ہوگی، نیز مسلسل ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں اور ای چالان نادہندگان کیلئے بھی سخت احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں اور ای چالان نادہندگان کے ڈرائیونگ لائسنس کو معطل کرنے اور ان کی گاڑیوں کو سیف سٹی کیمرہ جات کی مدد سے ٹریس کر کے قانونی تقاضے پورے کئے جارہے ہیں

شہری اپنا چالان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی آفیشل ویب سائٹ www.islamabadpolice.gov.pk پر یا دیئے گئے لنک پر ict.islamabadpolice.gov.pk:8081/veri/verify_e_challan.phpگاڑی کا رجسٹریشن نمبر ڈال کر چیک کر سکتے ہیں، چالان شدہ گاڑی مالکان اپنا چالان بذریعہ Jazz Cash ،Eassypaisaموبائل ایپ، JS Bank والٹ یا Easy paisa سے جمع کرواسکتے ہیں، چالان جمع نہ کروانے کی صورت میں نادہندگان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی، وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں امن و امان کو برقرار رکھنا اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔