او جی ڈی سی ایل کی ای ایس جی کمیٹی کا اجلاس، ای ایس جی پالیسی پر عمل درآمدی فریم ورک کا جائزہ

اسلام آباد(سی این پی) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے بورڈ کی ماحولیاتی، سماجی اور نظم ونسق (ای ایس جی) کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین حسن محمد یوسفزئی کی زیر صدارت اسلام آباد میں او جی ڈی سی ایل کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے اجلاس میں کمپنی کی ای ایس جی پالیسی، ای ایس جی کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) اور عمل درآمدی فریم ورک کامعاملہ زیر غور آیا۔

بورڈ کمیٹی نے ای ایس جی پالیسی پر عمل درآمدی فریم ورک پر پیش رفت کا جائزہ لیا اورسال2024کیلئے او جی ڈی سی ایل ای ایس جی رپورٹ میں بیان کردہ اہم موضوعات پر بات چیت کی۔کمیٹی کے اراکین نے او جی ڈی سی ایل کی ہیلتھ، سیفٹی اور انوائرمینٹل ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور رپورٹنگ کے طریقہ کارمیں شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے درست اور قابل اعتبار اعدادوشمار کو یقینی بنانے کی اہمیت پرزور دیا۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کے اراکین نے عمل درآمدی منصوبہ، اہم موضوعات، پراسس کے نتائج اور ممکنہ خامیوں کی نشاندہی سے متعلق سوالات بھی اٹھائے۔کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والی بات چیت منصوبوں پرموثر انداز میں عمل درآمد اور نتائج برآمد کرنے اور پائیدار ترقی کے لئے اوجی ڈی سی ایل کے کردار کیلئے نہایت ضروری تھی۔

او جی ڈی سی ایل کی ای ایس جی کمیٹی کے چیئرمین حسن محمد یوسفزئی نے کمیٹی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ او جی ڈی سی ایل میں ہم ماحولیاتی تحفظ میں قائدانہ کردار، سماجی ذمہ داری اور کارپوریٹ گورننس سے متعلق اعلیٰ ترین معیارات برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ہماری جاری کوششیں پائیدار طریقوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کیلئے طویل مدتی قدر پیدا کرنے کے ہمارے عزم کی عکاس ہے۔