وزیر اعظم کا مشیر مقرر ہونے پر سابق رکن قومی اسمبلی آسیہ ناصر کا اسفن یار بھنڈارا کو مبارکباد

اسلام آباد(سی این پی) وفاقی حکومت نے اسفن یار بھنڈارا کو وزیراعظم کا مشیر مقرر کر دیا ہے۔ ان کے محکموں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن جلد ہی کر دیا جائے گا۔ اسفن یار بھنڈارا ممبر قومی اسمبلی ہیں۔ وہ غیر مسلم پاکستانیوں میں ایک معروف نام ہیں جنہوں نے اور ان کے خاندان نے ملک کی ترقی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں بہت زیادہ حصہ ڈالا ہے۔ ان کے مرحوم والد مسٹر ایم پی بھنڈارا نے بھی پارلیمنٹ میں غیر مسلم پاکستانیوں کی نمائندگی کی ہے۔ اسفن یار بھنڈارا کا معاشرے اور سیاست کے مسلم اور غیر مسلم حلقوں میں یکساں احترام کیا جاتا ہے۔ وہ تمام غیر مسلم پاکستانیوں بشمول پارسی، عیسائی، ہندو، سکھ، بہائی، بدھ، کیلاش اور دیگر کے مقبول ترین رہنما ہیں۔اسفن یار بھنڈارا کا شمار پاکستان کے چند اعلیٰ تعلیم یافتہ پارلیمنٹیرینز میں ہوتا ہے۔وہ بزنس اینڈ ایڈمنسٹریشن میں ماسٹر ہیں۔لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسزکی کاروبار سے متعلق مختلف ورکشاپس میں شرکت کی ہے۔انہوں نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کارپوریٹ گورننس سے ڈائریکٹرز کا تربیتی پروگرام مکمل کیا ہے۔وہ اس وقت راولپنڈی پارسی انجمن کے صدر ہیں۔وہ اقلیتی برادریوں کی نمائندگی اور مدد کے علاوہ دیگر سماجی اور فلاحی کام کر رہے ہیں۔کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی ان کا بھر پور حصہ ہے۔ مری بریوری پولو کپ ان کی سالانہ کھیلوں کی سرگرمی ہے۔ بطور مشیر ان کی تقرری کا تمام غیر مسلم کمیونٹیز کے ساتھ ساتھ معاشرے کے دیگر حلقوں نے خیر مقدم کیا ہے جن کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اسفن یار بھنڈارا جیسے نمائندوں کی ضرورت ہے جو تعلیم یافتہ اور محب وطن ہوں اور اپنے ملک اور اہل وطن کے لیے بہت کچھ کر سکتے ہیں۔