نیشنل پریس کلب کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس،رمضان فیملی فیسٹیول اور سپورٹس گالہ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)نیشنل پریس کلب کی ایگزیکٹو وگورننگ باڈی کا اجلاس صدر اظہر جتوئی کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس کی نظامت کے فرائض سیکرٹری نیشنل پریس کلب نیئر علی نے سرانجام دیئے، تلاوت کلام پاک کے بعد حال ہی میں وفات پانے والے عزیزواقارب کے لئے دعائے مغفرت کرائی گئی۔ اجلاس کی کاروائی ایجنڈےکے مطابق شروع کرتے ہوئے ممبران نے صدر اظہر جتوئی کی قیادت میں رمضان فیملی فیسٹیول و اسپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

اجلاس کے دوران فنانس سیکرٹری وقار عباسی نے رمضان فیملی فیسٹول اور اسپورٹس گالا کی مالیاتی رپورٹ پیش کی جس میں آمدن کے ذرائع اور اخراجات کی مکمل تفصیل پیش کی جس پر گورننگ باڈی کے ممبران نے اعتماد کا اظہار کیا، سیکریٹری نیّر علی نے رمضان فیسٹول کمیٹی کی چیئرپرسن کی حیثیت سے ایونٹ کے انتظامی معاملات پر گورننگ باڈی کے ارکان کو بریف کیا۔ رمضان فیملی فیسٹول اور اسپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد پر تمام ممبران کو خراج تحسین پیش کیا اور باڈی کے علاوہ دیگر سینئر صحافیوں اور آر آئی یو جے کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ نیشنل پریس کلب کی ایگزیکٹو و گورننگ باڈی نے فیسٹول کے کامیاب انعقاد میں معاونت کرنے والی شخصیات اور اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ کمیٹی ارکان کی جانب سے آئندہ برس مذید بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے سال کے آغاز میں ہی رمضان فیسٹول و اسپورٹس گالا کمیٹی کے قیام کی تجویز دی گئی، جسے کثرت رائے سے منظور کیا گیا۔

اجلاس میں ایگزیکٹو و گورننگ باڈی ممبران نے گورننگ باڈی کے رکن و سینئر صحافی احمد منصور کے خلاف پیکا جیسے کالے قانون کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی صحافیوں کے درمیان غلط فہمی کا نتیجہ ہو سکتی ہے ،اس موقع پر احمد منصور کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل پریس کلب، پی ایف یو جے ، آر آئی یو جے اور سینئر صحافیوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے جو اس معاملے پر فریقین سے رابطے کر کے آئندہ کی حکمت عملی طے کرے گی۔

ایگزیکٹو و گورننگ باڈی ممبران نے نیشنل پریس کلب کے کونسل ممبران کیلئے پریس کارڈ کے ڈیزائن اور اجراء کی منظوری دی، ممبران نے گذشتہ گورننگ باڈی اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں نیشنل پریس کلب کیفےٹیریا کو آؤٹ سورس کرنے کے عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے اخبارات میں اشتہارات کے ذریعےپیش کش طلب کرنے کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں صدراظہر جتوئی نے ممبران کو پریس کلب میں سولر پینل کی تنصیب کے حوالے سے ابھی تک ہونےوالی پیش رفت سے آگاہ کیااور فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،ممبران نے اپنی اپنی رائے سے آگاہ کرتے ہوئے پریس کلب کے ممبران کو مزید سہولتوں کی فراہمی کے مختلف منصوبوں کے آغاز کیلئے اپنی خدمات پیش کیں، اجلاس میں پاکستان پریس کلب یوکے کے انتخابات میں بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر سینئر صحافی ارشد رچیال کو مبارکباد بھی پیش کی گئی۔