آر ڈی اے نے میسرز فیصل ٹاؤن پرائیویٹ لمیٹڈ کے مالک کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا،عوام الناس کو درخواست کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم فیصل ٹاؤن فیز II کی افتتاحی تقریب سے گریز کریں

راولپنڈی(نیوز رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے عوام الناس کو خبردار کیاہے کہ راولپنڈی کی تحصیل میرا کلاں، کولیاں پار اور ڈھلہ میں واقع سوشل میڈیا پر فیصل ٹاؤن فیز II نامی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کی مارکیٹنگ کرنے کی وجہ سے مالک کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ آر ڈی اے کے ترجمان نے کہا کہ ڈی جی آرڈی اے نے نوٹس لیتے ہوئے عام لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں سے گریز کریں اور کسی بھی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کے جھانسے اور دھوکے میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل ٹاؤن فیز-II نامی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے مالک نئے بلاک میں پلاٹوں کی بکنگ کے لیے افتتاحی تقریب کرنے جا رہے ہیں جو کہ پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم رولز 2021 کے قاعدہ 46 (1) کی خلاف ورزی ہے۔ عوام الناس کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اس سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا، “کوئی سپانسر اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا یا کسی بھی طریقے سے پلاٹوں یا ہاؤسنگ یونٹس کی فروخت کی تشہیر نہ کرے”۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے مالک کو ہر قسم کے ترقیاتی کاموں، اشتہارات، تقریبات اور پلاٹوں کی خرید و فروخت روکنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہ کہ عدم تعمیل کی صورت میں،ان کے خلاف پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم رولز 2021 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے نے ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے غیر قانونی اشتہارات اور مارکیٹنگ کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی کریں۔