اسلام آباد(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میںایس ڈی پی اوز کے ساتھ اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا، آئی جی اسلام آباد نے ایس ڈی پی اوز کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں کہ سپروائزری سطح کے افسران کی کارکردگی بہت اہم ہے، جرائم کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں، اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے ،جرائم کی بےخ کنی کے لیے سیف سٹی کی معاونت حاصل کریں،انہوں نے مقدمات کی تفتیش میں تاخیر اور عدم پتہ کیسز پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور کمزور تفتیش پر مقدمات کے اخراج پر نظر رکھنے کے احکامات جاری کیے
قبل ازیں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سیف سٹی اسلام آباد کادورہ کیااور سیف سٹی کی تنظیم نو کے لیے شعبہ جاتی ماہرین سے ملاقات کی، سیف سٹی اسلام آباد کو پاکستان کا بہترین ماڈل بنائیں گے، جدید ٹیکنالوجی کو پولیس میں متعارف کروائیں گے۔
بعد ازاں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں غیر ملکی سفراءاور ریجنل سکیورٹی افسران کے ساتھ ملاقات کی ، ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کےلئے کیے گئے اقدامات کے متعلق آگاہ کیا،غیر ملکی سفارت خانوں اور انکے عملہ کی حفاظت اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی اولین ترجیح ہے۔