کسی بھی شخص کو امتحان میں غیر قانونی طریقوں سے پاس ہونے کی اجازت نہیں دی جائے ،ترقی اسے ہی ملے گی جو اسکا اصل حقدار ہوگا ،آئی جی علی ناصر رضوی

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) اسلام آباد پولیس کے افسران کا لسٹ بی ون کا امتحان پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔آئی جی اسلام آبادسید علی ناصررضوی نے کہا کہ امتحان میں میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، کسی بھی شخص کو امتحان میں غیر قانونی طریقوں سے پاس ہونے کی اجازت نہیں دی جائے ،ترقی اسے ہی ملے گی جو اسکا اصل حقدار ہوگا

آج اسلام آباد پولیس کے افسران کا بی ون لسٹ کا امتحان لیا گیاہے، جس میں 600افسران نے شرکت کی،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے امتحان حال کا دورہ کیا اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امتحان طے کرتا ہے کہ ترقی کی کونسی منازل طے کرنی ہے،شفافیت سب سے پہلی شرط ہے، بی ون لسٹ کا امتحان پولیس افسر کی زندگی کا نیا موڑ ہوتا ہے یہاں سے وہ مزید ترقی کرتے ہوئے دیگر فرائض منصبی کی بہترین انجام دہی کے قابل بنتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ خدمت خلق اور جرائم کی بیخ کنی میں اپنا کردار کریں،میں آپ کو یقین دہانی کرواتا ہوں کہ ہزار فیصد میرٹ کو اپنایا جائے گا،میرٹ سے گڑ بڑ کرنے والے سے مجرموں جیسا سلوک ہو گا، جبکہ امتحان کا راتوں رات ہی رزلٹ دیا جائے گا۔

ہمارا ایک ایک لمحہ اس مقدس وعدے کے گرد گھومے جو وردی پہنتے ہوئے ہم نے حلف لیا،یہ غازیوں اور شہداءکا محکمہ ہے،شہداءنے گولیاں اپنے سینے پر وفا کی مہروں کی طرح سجائی ہیں،اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کا سب سے بہترین طریقہ خدمت خلق ہے،ترقی اسے ہی ملے گی جو اسکا اصل حقدار ہوگا ،انہوں کمانڈنٹ کیپیٹل پولیس کالج کو امتحان کے نتائج کو جلد از جلد مکمل کرنے اور میرٹ کو برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی،ڈی آئی جی لاءاینڈ آرڈر و کمانڈنٹ کیپیٹل پولیس کالج شاکر حسین داوڑکی سربراہی میںافسران پر مشتمل بورڈ نے امتحان کی مکمل نگرانی کی،اس موقع پر سکیورٹی پروگرام کا اجراءکیا گیا اور امتحا نی حال کے اندرون اور بیرون سائیڈوں پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے،تمام امیدواران کو اچھا ماحول اور انکے بیٹھنے کے لئے معقول انتظام کیا گیا،کمانڈنٹ کیپیٹل پولیس کالج نے امتحان شروع ہونے سے قبل تمام امیدواران کی حوصلہ افزائی کی اور ان سے مخاطب ہوکر کہا کہ کسی قسم کا کوئی امدادی مواد، موبائل فون وغیرہ ہے تو فوری طور پر انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائے اگر بعد میں کوئی ایسی چیز نوٹس میں آئی تو متعلقین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، کمانڈنٹ کیپیٹل پولیس کالج شاکر حسین داوڑ کی زیرنگرانی امتحان کے لئے باقاعدہ بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جو شفافیت کو برقرار رکھتے ہوئے امتحان سے متعلقہ تمام امور سرانجام دے گا۔