راولپنڈی(خصوصی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پرآرڈی اے نے ایٹین ہاؤسنگ پراجیکٹ میں چائنیز تعمیراتی کمپنی اور اس کے زیر تعمیر پراجیکٹس کو سر بمہر کر دیا ہے۔
آر ڈی اے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی پلاٹ نمبر F-006/B روڈ 54 (کمرشل) اور پلاٹ نمبر F-006/5 (اپارٹمنٹ) میں سیکورٹی خطرات کی وجہ سے کی گئی ہے۔ چائنہ گیزوبا کنسٹرکشن اینڈ منیجمنٹ سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر لی ژاؤ تاؤ اور ایم /ایس ایلیٹ اسٹیٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر طارق حمدی کو اس سے قبل ایٹین ہاؤسنگ سوسائٹی میں ان کے منصوبوں کے حوالے سے نوٹس جاری کیے گئے تھے۔ ترجمان نے کہا کی کہ چینی باشندوں نے غیر ملکی کمپنی کی جانب سے جاری تعمیرات کی وجہ سے غیر محفوظ محسوس کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ مزید برآں، چینی کنسٹرکشن کمپنی نے متعلقہ سیکورٹی ایجنسیوں کو مطلع کیے بغیر یہ منصوبے شروع کئے۔ آر ڈی اے کے ترجمان نے کہا کہ یہ اقدامات قومی مفاد میں اٹھائے گئے ہیں۔
حکومت پنجاب کی جانب سے سیکیورٹی این او سی کے اجراء تک نجی سوسائٹی میں چینی باشندوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس معاملے پر ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں ہونے والی ایک حالیہ میٹنگ میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جہاں حکومتی سیکیورٹی دفاتر کی جانب سے چینی شہریوں کے سرکاری سیکیورٹی پروٹوکول کی پابندی کیے بغیر نقل مکانی کے حوالے سے سنگین سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا گیا۔ آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے متعلقہ تھانہ نصیر آباد کی پولیس کے تعاون سے کارروائی کی۔ ٹیم کے کلیدی ارکان میں محمد سمیع اللہ نیازی ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ، عاطف محمود ڈپٹی ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول، محمد عثمان باجوہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول آرڈی اے/انچارج انفورسمنٹ سکواڈ، آرڈی اے سکیم وبلڈنگ انسپکٹرز اور ٹیم کے دیگر اراکین شامل تھے۔