اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اسلام آباد پولیس کا بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے اشتراک سے کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ ،پولیس اور عوام میں روابط کو مزید بڑھانے کے لئے سیمینار کا انعقاد،کسی بھی ملک کی ترقی میں طلباءکا اہم کردار ہے،عوام اور طلباءکے تعاون کے بغیر دوستانہ پولیسنگ ناممکن ہے،طلباءکے تعاون سے اسلام آباد پولیس کی کاررکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس نے بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے اشتراک سے کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ ،پولیس اور عوام میں روابط کو مزید بڑھانے کے لئے سیمینار کا انعقاد کیا،سیمینار میں ڈی آئی جی لاءاینڈ آرڈر شاکر حسین داوڑ، ڈی آئی جی سکیورٹی محمد جواد طارق، چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن حسن جہانگیر وٹو نے شرکت کی،جبکہ بحریہ یونیورسٹی کی جانب سے سینئر اسسٹنٹ پروفیسر خالد ممتاز، سینئر ایسوسی ایٹ پروفیسر سحر زیست نے خصوصی شرکت کی، اس موقع پر سیمینار میں شریک طلباءو طالبات نے پولیس عوام کے آپس میں روابط، معاشرے میں پیش آنیوالے مسائل کے حل میں پولیس کے کردار، عام عوام کو انصاف اور سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر موضوعات پر سوالات کئے جن کا پولیس افسران نے جواب دیا ،سیمینار کے شرکاءنے اسلام آباد پولیس کی امن و امان کے قیام ،جرائم کے انسداد اور شاہراؤں پر ٹریفک کی روانی کو برقراررکھنے کے اقدامات کو سراہا ،اس موقع پر پولیس افسران نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے ہمیشہ طلباءکو ہراول دستہ تصور کیا ہے اور اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں طلباءاہم کردار ادا کرتے ہیں، اس سیمینار کے انعقاد کا مقصد کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینا ہے، تاکہ ایک دوسرے کے لئے اپنائیت کا احساس پیدا ہو، سیمینار کے اختتام پر پولیس افسران اور یونیورسٹی کے اساتذہ میں یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔