اسلام آباد(وقائع نگار)وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ نے آج آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز سے اپنے دفتر میں ملاقات کی۔ دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور بشمول COP29، آبی تحفظ، جنگلات میں لگنے والی آگ، گلاف تھری،اور موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے آبی تحفظ اور زراعت پر قریبی تعاون پر اتفاق کیا۔ آسٹریلوی فریق پاکستان کو آبی تحفظ کے انتظام کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرے گا۔وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر نے اس بات پر زور دیا کہ پانی کی حفاظت پاکستان کا سب سے اہم ترقیاتی چیلنج ہے اور پانی کا پائیدار انتظام پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے، وہ پاکستان میں گلاف تھری پراجیکٹ پر کام کر رہی ہیں جو ایک طرف شمالی علاقوں میں سیلاب کے خطرات کو کم کرے گا تو دوسری طرف پانی کی کمی والے اضلاع کو استعمال کرنے کے لیے پانی کے بڑے ذخائر فراہم کرے گا۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آسٹریلوی حکومت کی بنیادی توجہ موسمیاتی تبدیلی اور جینڈر پر کام کرنا ہے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم کے معاون کو ایک کافی ٹیبل بک ‘آسٹریلین جرنی ہمارا ملک’ بھی پیش کی۔ دونوں فریقوں نے موسمیاتی اقدامات میں اپنے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے تسلسل سے ملاقاتوں پر اتفاق کیا۔ ملاقات روایتی گرمجوشی، افہام و تفہیم اور اعتماد کے ساتھ کی گئی۔
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">