آئی جی نے اسلام آباد میں جرائم کے خاتمے کیلئے متعدد اصلاحات متعارف کرادیں

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)آئی جی سید علی ناصر رضوی نے وفاقی دارلحکومت میں جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کیلئے متعدد اصلاحات متعارف کرائیں، جس سے جرائم کی شرح میں واضح کمی واقع ہوئی،اسی کے ساتھ شہرکی حفاظت ،شہریوں کی سہولت اور پولیس افسران کی ویلفئیر کیلئے بھی متعدد اقدامات اٹھائے جس سے پولیس اور عوام کے مابین روابط مزید بہتر اور پولیس افسران کا مورال بلند ہوا۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی سید علی ناصر رضوی نے بطور آئی جی اسلام آباد چارج سنبھالنے کے ساتھ وفاقی دارلحکومت میں جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کیلئے متعدد اصلاحات متعارف کرائیں، جس سے جرائم کی شرح میں واضح کمی واقع ہوئی،اسی کے ساتھ شہرکی حفاظت ،شہریوں کی سہولت اور پولیس افسران کی ویلفئیر کیلئے بھی متعدد اقدامات اٹھائے جس سے پولیس اور عوام کے مابین روابط مزید بہتر اور پولیس افسران کا مورال بلند ہوا،ان اصلاحات میں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے شہریوں کو بھرپور سہولت فراہم کرنے کیلئے پولیس خدمت مراکز کو چوبیس گھنٹے کام کرنے کی ہدایت کی، شہریوں کو انکی دہلیز پر تمام سہولیات کو ممکن بنانے کیلئے پولیس موبائل سہولت وین کا اجراءکیااوراسلام آباد ٹریفک پولیس سہولت وین کا بھی افتتاح کیا تاکہ بزرگ شہری اور طلباءطویل لائنوں میں کھڑے ہونے کے بجائے اپنی رہائشگاہ اورتعلیمی اداروں میں باآسانی ٹریفک لرنر پرمٹ اور دیگر سہولیات سے آراستہ ہو سکیں،اسلام آباد کی مارگلہ ہلز اور ملحقہ ٹریلز پر آنے والے سیاح اور مقامی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مخصوص مارگلہ ٹریلز پٹرول کو لانچ کیا تاکہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اور بروقت مدد کو یقینی بنایا جاسکے۔

آئی جی اسلام آباد نے وفاقی دارلحکومت میں سٹریٹ کرائم کو قابو کرنے اور موثر انداز میں ملزمان کی گرفتاریوں کو ممکن بنانے کیلئے ڈلفن سکواڈ اسلام آباد کی تنظیم نو کی اورڈولفن ایمرجنسی ریسپانس یونٹ میں نوجوان پولیس افسران کو تعینات کیا اوران افسران کی شعبہ جاتی تربیت بھی پولیس لائنز میں شروع کروائی جسکا مقصد پٹرولنگ کو موثر بنانا ہے،جرائم پر پیشہ وارنہ انداز میں قابو پانے اور ملزمان کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کیلئے آئی جی اسلام آباد نے وفاقی دارلحکومت میں نائٹ پٹرولنگ آفیسر تعینات کئے،ان نائٹ پٹرولنگ آفیسرز کے ساتھ نوجوان پولیس افسران بھی تعینات کئے گے،تاکہ شہر میں جرائم کی بیخ کنی کو یقینی بنایا جاسکے،خواتین اوربچوں پر تشدد ،گھریلو ظلم و جبر ،معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے آن لائن ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کو قائم کیا گیا اورباقاعدہ ہیلپ لائن 1815 متعارف کرائی گئی،جس سے متاثرین قانونی معلومات تک رسائی، شکایات درج کرنے، اور مشاورت حاصل کر سکتے ہیں،اس اقدام کا مقصد صنفی بنیاد پر جرائم اور دیگر متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنا ہے ، جبکہ ہیلپ لائن 1815 چوبیس گھنٹے فعال ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایاجاسکے کہ مصیبت میں مبتلا افراد کے لیے مدد ہمیشہ صرف ایک فون کال کی دوری پر ہے۔

اسلام آباد کی شاہراؤں پر دوران سفر گاڑی و موٹرسائیکل خراب ہونے پر شہریوں کی مدد کے لئے آئی ٹی پی “مکینک آن ویل “سروس کا باقاعدہ آغاز کیا گیاجسکی “1915” ہیلپ لائن 24/7فعال ہے تاکہ شہریوں کو دوران سفر پیش آنے والی مشکلات کو دور کیا جاسکے،اسلام آباد پولیس میں جدت لانے اور نئی تکنیک کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ایک اور اہم قد م اٹھاتے ہوئے باقاعدہ جدید تکنیک کے حامل ای لائسنس کا اجراءکیا،جس سے شہری گھر بیٹھے ای لائسنس کے حصوصل کیلئے درخواست آن لائن جمع کروانے کے ساتھ اسے باآسانی حاصل بھی کرسکتے ہیں،شہریوں کو درپیش مسائل کے بروقت حل اور انکی فوری دادرسی کو ممکن بنانے کیلئے آئی جی اسلام آباد نے آنلائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور تمام افسران کو کھلی کچہری کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جسکا مقصد دوستانہ پولیسنگ کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پولیس اور عوام کے مابین دوریوں کو کم کرنا ہے،شہریوں کی شکایات کے فوری حل کیلئے آئی جی شکایات سیل 1715کو مزید فعال کیا گیا تاکہ شہریوں کی بروقت مدد کو یقینی بنایا جاسکے،اسی کے ساتھ شہداءکے اہلخانہ کو ہرممکن سہولت مہیا کرنے اور انکی ویلفئیر کو یقینی بنانے کیلئے تمام افسران کو مختلف شہداءکے اہلخانہ کا وارث بنایا گیا، جو انکو درپیش مسائل کے فوری حل کو ممکن بنائیں گے،اسی کے ساتھ شہداءاور دوران سروس وفات پاجانے والے پولیس افسران کے بچوں کو محکمہ پولیس میں بھرتی کے عمل کو بھی جاری رکھا تاکہ افسران کی ہر ممکن ویلفئیرکو یقینی بنایا جاسکے ،آئی جی اسلام آباد نے اسلام آباد پولیس کے شہداءکے اہلخانہ کیلئے خصوصی سوسائٹی ©” مبین کاٹیجز” کا سنگ بنیاد بھی رکھا اور ایک پروقار تقریب کے دوران پلاٹس کے کاغذات شہداءکے اہلخانہ کے حوالے کئے۔

اسلام آباد پولیس کے حاضر سروس افسران کی ویلفئیر کو مدنظر رکھتے ہوئے دوران سروس بہادری کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو پولیس شجاعت اور غازی تمغوں سے نوازاتاکہ افسران کا مورال بلند رکھا جائے،اسی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران کی محکمانہ ترقیوں پر فوراًمیرٹ پر ترقی کے آرڈر جاری کئے اور انکو رینک لگانے کیلئے پروقار تقریبات کا انعقاد کیا جس میں پولیس افسران کے اہلخانہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیاتھا،شہریوں کو ایک پرسکون اور تفریحی مقام مہیا کرنے کیلئے ٹریفک تھیم پارک کو خصوصی ڈیزائن اور تعمیر کیا گیا جہاں فیملیز اور بچے ایک ساتھ خوبصور ت لمحات گزار سکتے ہیں،جبکہ دوستانہ پولیسنگ کو فروغ دینے اور عوام وپولیس کے درمیان دوریوں کو کم کرنے کیلئے فرینڈ آف پولیس انٹرنشپ پروگرام کا آغاز کیا جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباءاسلام آباد پولیس کی مختلف ڈویژنز میں کام کرتے ہیں ،جس میں پولیس افسران انہیں پولیس ورک کے بارے میں بریف کرتے ہیں،شہر کے تجارتی مراکز کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے گاڑیوں پر مشتمل خصوصی سٹی واچرزکے دستے تعینات کئے گئے ہیں،جو تجاتی مراکز میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار اداکررہے ہیں۔

سیف سٹی اسلام آباد کی استعداد کار کو بڑھانے اور شہر کی بہترین سرویلنس کو یقینی بنانے کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ کی ٹیکنیکل آپ لفٹ کو یقینی بنایاگیا اور مختلف نوعیت کے مصنوعی ذہانت کے حامل سوفٹ وئیر کو سسٹم میں شامل کیا گیا،اسلام آباد پولیس کو درپیش نفری کی کمی کو پورا کرنے اور تمام انتظامی ودیگر امور کی بہترین انجام دہی کو ممکن بنانے کیلئے 1113خالی سیٹوں پر بھرتی کا عمل شروع کیا گیا ہے،اسی کے ساتھ اس پورے عمل کو میرٹ اور شفافیت پر مکمل کرنے کیلئے سینئر پولیس افسران پر مشتمل باقاعدہ سلیکشن بورڈ بنایا گیا جو اس بھرتی کے عمل کو دیکھے گا،پولیس ملازمین کیلئے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں باقاعدہ سپورٹس گالا کا انعقاد بھی کیا گیا،جس کا مقصد پولیس ملازمین کی حوصلہ افزائی ، صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اورلاءاینڈ آرڈر ڈیوٹیز کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنی و جسمانی نشوونما کی جا سکے،اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارلحکومت کے شہریوں کیلئے سیلف ڈیفنس کورس کا بھی انعقادکیا،کورس میں شامل امیدواروں کو جسمانی تربیت، تیراکی، اسلحہ چلانے کی مشقیں ، ریپیلنگ، رکاوٹیں عبور کرنا،گھڑسواری اورتیرانداز ی کی مشقیںکرائی جاتی ہیں،اس کورس کا مقصد ذہنی اور جسمانی طور پر خود اعتمادی کو مضبوط کر نا ہے،شہر میں سٹریٹ کرائم کو کنٹر ول کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے باقاعدہ ابابیل سکواڈ بنایا گیا تاکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایاجاسکے،وفاقی دارلحکومت میں موجود غیرملکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کمانڈوز پر مبنی باقاعد ہ اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کو فعال کردیا گیا،سپیشل پروٹیکشن یونٹ چائنیز شہریوں کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لئے فعال کیا گیاہے ، اس سلسلہ میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں مزید 140 پولیس اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں ،چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے چینی عہدیداران سے ملاقات کی اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے بار ے میں بریفنگ دی،آئی جی اسلام آباد کے خصوصی احکامات پر عید الاضحی کے دوران اسلام آباد پولیس نے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا،آئی جی اسلام آباد نے شہداءکے اہلخانہ کے ساتھ عید کی خوشیاں منائی اورانہیںمبارکباد دی اورعید کے تینوں دنوں افسران کے ساتھ تمام سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کی اور افسران میں عید کے تحائف بھی تقسیم کئے،اس موقع پر آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ امن و امان کسی بھی قوم کی سماجی و اقتصادی خوشحالی اور سیاسی استحکام کے لیے ضروری ہے، بہتر نتائج کے حصول کے لیے اسلام آباد پولیس کمیونٹی پولیسنگ اورجرائم کا مقابلہ کرنے کے لیے معاشرے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر ضرور دیتی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس سلسلے میں شہریوںکے ساتھ روابط کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیںاور ہم ایک محفوظ اور پرسکون اسلام آباد کے لیے مل کر کام کرنے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہیں۔