او جی ڈی سی ایل کاخواتین کو بااختیار بنانے کے لیے این سی ایس ڈبلیوکے ساتھ اشتراک

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے خواتین کو بااختیار بنانے اور کمپنی کے اندر ان کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن (این سی ایس ڈبلیو) کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق او جی ڈی سی ایل کے ایم ڈی/سی ای اواحمد حیات لک اور این سی ایس ڈبلیو کی چیئرپرسن محترمہ نیلوفر بختیار نے لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی) پر دستخط کیے۔ ایل او آئی پر دستخط کی تقریب او جی ڈی سی ایل ہیڈ آفس اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ یہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ او جی ڈی سی ایل کے اپنے آپریشنز میں خواتین کی شراکت کو تسلیم کرنے اور ان کا احترام کرنے کے عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔

اس سال کے شروع میں، او جی ڈی سی ایل نے کام کی جگہ پر مزید جامع ثقافت کو فروغ دینے کے لیے اپنی تنوع، مساوات اور شمولیت (ڈی ای آئی) پالیسی کی نقاب کشائی کی۔ او جی ڈی سی ایل اور این سی ایس ڈبلیوکے درمیان تعاون پاکستان کے کارپوریٹ منظر نامے میں صنفی شمولیت اور بااختیار بنانے کے لیے ایک نیا معیار قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔ او جی ڈی سی ایل کام کی جگہ پر تنوع، مساوات اور شمولیت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے،جہاں ہر فرد، جنس اور پس منظر سے قطع نظر، قابل قدر، قابل احترام، اور ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے بااختیار محسوس کرے۔