روڈن انکلیو ہاﺅسنگ سوسائٹی بھی غیرقانونی قرار،مالک کے وارنٹ جاری،فوری گرفتاری کا حکم

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر) روڈن انکلیو ہاﺅسنگ سوسائٹی بھی غیرقانونی نکلی۔ عدالت نے مالک کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔جڑواں شہروں میں غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے،روڈن انکلیو ہاﺅسنگ سوسائٹی کا لے آوٹ پلان منظور نہ ہونے ،پلاٹ فروخت کرنے پر آر ڈی اے نے ہاوسنگ سو سائٹی کے مالک رحیم الدین خان کا چالان عدالت پیش کر دیا۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے رحیم الدین خان کو طلب کیا تھا تاہم عدم حاضری پر عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔آرڈی اے نے روڈن انکلیو ہاﺅسنگ سوسائٹی کے مالک رحیم الدین خان کو ہدایت کی کہ وہ لے آوٹ پلان منظور کروائیں لیکن انھوں نے لے آٹ پلان منظور نہ کروایا اورکروڑوں روپے کے غیر قانونی فروخت کیے اور بکنگ کا عمل بھی جاری رکھا۔ آر ڈی اے نے پلاٹوں کی فروخت کی تشہیر سے روکا اور موقع پر کام بند کر کے ان کے چالان کر دئیے۔ آرڈی اے انسپکٹر نے 2019 میں چالان کیا لیکن وہ آرڈی اے میں پیش نہ ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ سوسائٹی کے مالک نے 2019 میں ہونے والے اس چالان کو خاطرمیں نہ لائے۔ دوسری جانب آرڈی اے کے انسپکٹرز نے بھی چالان دبائے رکھے اور مذکورہ سوسائٹی میں ڈویلپمنٹ اور پلاٹ فروخت ہوتے رہے۔ نئے آنے والے ڈی جی نے تمام چالان پر کاروائی کرنے کے لیے عدالت بھجوا دیئے۔ آرڈی اے نے روڈن انکلیو کا لے آوٹ پلان منظور نہ ہونے ،پلاٹ فروخت کرنے پر روڈن انکلیو ہاوسنگ سو سائٹی کے مالک رحیم الدین خان کو سمن جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے جس پر چالان عدالت میں بھی پیش کیے۔۔ عدالت نے طلبی نوٹس جاری کیے، اب عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کیئے گئے ہیں اور گرفتاری کا حکم دیا گیا ہے۔ پولیس نے روڈن انکلیو کے مالک کی گرفتاری کیلئے عدالتی احکامات پر چھاپے مارنے شروع کردئیے ہیں۔ یاد رہے روڈن انکلیو کے مالکان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔