ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی پر مزید سخت کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائیوںکو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ٹریفک کے نظام کومزید بہتر کرنے، موثر بنانے اورشہرکو ٹریفک حادثات سے پاک کرنے کے لیے تمام تر اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں

اس سلسلے میں اسلام آبادٹریفک پولیس نے ٹریفک اشاروںکی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے

خصوصی دستے بھی وفاقی دارالحکومت کی شاہراہوں اور اہم مقامات پر تعینات کر دئیے گئے ہیں جوٹریفک قوانین خصوصاً ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورزکےخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لا رہے ہیں

چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک نے تمام زونل افسران کو ہدایات جاری کی کہ وہ ٹریفک اشاروںکی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لائیں،ایسے عناصرسے ہرگز کوئی رعایت نہ برتی جائے جو اپنے اور دوسروں کے لیے حادثات کا سبب بنتے ہیں

اسلام آباد ٹریفک پولیس آگاہی ونگ کو بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ شہریوں کو ٹریفک کی خلاف ورزی کے نقصانات اور دیگر ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا جائے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے ہی ان کی جان ومال کی حفاظت ممکن ہے

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس ایف ایم ریڈیو 92.4پر بھی ٹریفک قوانین کے متعلق خصوصی نشریات کا اہتمام کیا جائے، شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک اشاروںاور دیگر قوانین کا احترام کریں کیونکہ یہ آپ کی حفاظت کے ضامن ہیں۔