راولپنڈی ۔کنٹونمنٹ بورڈ کے شعبہ واٹربورڈ افسران کی غفلت و ہٹ دھرمی اور ملی بھگت سے ریلوے سکیم 4 رحیم آباد کے رہائشیوں کا پانی بند کر دیاگیا۔
علاقہ مکینوں نے کئی بار کنٹونمنٹ بورڈ کو شکایات بھی درج کرائیں لیکن مجال ہے افسران کے کانوں میں جوں تک رینگی ہو۔
علاقہ مکینوں عرفان ،خالد ،شکیل ،شہباز ،عزیزالرحمان اور دیگر نے بتایا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے متعلقہ شعبے کے افسران پانی علاقے میں سپلائی کرنے کے بجائے مبینہ دور پر فروخت کرنے میں مصروف ہیں اور ان گلیوں کو پانی فراہم کررہے ہیں جہاں ان کو باقاعدگی کے ساتھ مٹھی گرم کرتے ہیں۔
ٹیوب ویل نمبر 16 پر تعینات عملہ اور انچارج ریاض آپس میں ملے ہوئے ہیں اور ان کاسرغنہ سب انجینئرواٹرسپلائی ہے جو ان کی پشت پناہی کرتا ہے ۔
علاقہ مکین متعدد بار وفود کی صورت میں چیف انجینئر عتیق الرحمان کے پاس بھی شکایت لے کر گئے کہ حلقے میں پانی نہیں آرہا اگر کبھی آئے بھی تو پانی کاپریشر بہت کم ہوتا ہے۔
جس وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ،علاقہ مکینوں نے جب انچارج ریاض سے بات کی تو اس کاکہنا تھا کہ ہماری لائن بہت اوپر تک ہے جو مرضی کرلو کچھ بھی ہونے والا نہیں ۔
علاقہ مکینوں نے اوصاف کو بتایا کہ مذکورہ عملے نے ریلوے سکیم 4 اور رحیم آباد کے متعدد علاقوں میں پانی کاپریشر اس قدر کم کررکھا ہے کہ کسی کوبھی پانی نہیں مل رہا،مکینوں نے الزام عائد کیا کہ کنٹونمنٹ بورڈ واٹر بورڈ افسران نے آپس میں ایکا کررکھا ہے
ان کی مرضی کے بغیر کوئی کچھ نہیں کرسکتا۔شہریوں نے اسٹیشن کمانڈر کنٹونمنٹ بورڈ سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر ملوث و کرپٹ افسران واہلکاروں کو فوری نوکریوں سے معطل کرکے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دیں
اورعلاقے میں پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کے بھی احکامات صادر کریں ۔ جب ٹیوب ویل نمبر 15 اور 16کے انچارج ریاض سے رابطہ کیا تو اس نے کہا کہ علاقے میں پریشر ہے ہی نہیں تو ہم کیسے پانی آگے دیں ۔انھوں نے کہا کہ ڈیم کاپانی بھی نہیں آرہا ۔انچارج ریاض نے عوام کی طرف سے لگائے گئے الزامات مسترد کردیے ۔