وفاقی ٹیکس محتسب نےمختلف کمپنیوں کے17ارب پچاس کروڑ مالیت کے فنڈز ادا کرا دیئے

اسلام آباد( ابو امتنان سے) وفاقی ٹیکس محتسب نے ملک بھر کی سینکڑوں کمپنیوں کے ایڈوانس ٹیکس ریفنڈ کی مد میں پھنسے ہوئے 17ارب پچاس کروڑ روپے کے زائد مالیت کے فنڈز ادا کرا دیئے

جبکہ ایک سال میں 8ہزار2سو کیسز کے فیصلے کیے ، ذرائع کے مطابق ملک بھر کی مختلف کمپنیوں کے ٹیکس ری فنڈ کی مد میں 17ارب روپے ایف بی آر میں پھنسے ہوئے تھے اور ادا نہیں کیے جا رہے تھے۔

اس میں سیلز ٹیکس ، انکم ٹیکس سمیت دیگر ٹیکس کے ری فنڈز شامل تھے، جس کے خلاف آٹھ ہزار سے زائد کمپنیوں نے ایف بی آر کے خلاف وفاقی ٹیکس محتسب میں درخواستیں دائر کیں، وفاقی ٹیکس محتسب نے ان کیسز کی فوری سماعت کرتے ہوئے ایک سال کے اندر ریکارڈ 8ہزاردوسو درخواستوں کا نہ صرف نمٹا یا بلکہ ری فنڈ بھی جاری کرائے۔

اس سے پہلے کمپنیاں اور ادارے ٹیکس ری فنڈ کے سلسلے میں ایف بی آر کے چکر لگا لگا کرتھک جاتے لیکن ان کے مسائل حل نہ ہوتے تھے، گزاشتہ سال کے دوران مجموعی طور 17ارب 50کروڑ روپے کی ادائیگیاں کرائی گئیں۔

اس حوالے سے وفاقی محتسب کے ایڈوائزر لیگل الماس علی جوندہ نے ’بتا یا کہ ٹیکس محتسب میں زیادہ تر درخواستیں بغیر وکیل کے دائر کی جاتی ہیں ، درخواست گزاروں کو وکیل وفاقی محتسب فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر ارسلان ہر درخواست کو ایک ماہ میں فوری فیصلہ کرتے ہیں اور سائل کواس کا حق دلاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب میں چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نمائندوں کو بھی نمائندگی دی گئی ہے انہیں اعزازی ایڈوائزر تعینات کیا جا تا ہے تاکہ کاروباری کمپنیوں کےکیسز کے ٹیکس سے متعلق معاملات سے آگاہ کرسکیں۔