اسلام آباد ۔پاکستان میں جاپان کے سفیر مسٹر واڈا میتسوہیرو نے 18 ستمبر کو اسلام آباد میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں شرائی ماریکو، لاہور سوگیٹسو اسٹڈی گروپ اور لاہور بونسائی سوسائٹی کو “جاپانی سفیر کے تعریفاتی سرٹیفیکیٹ” سے نوازا۔جاپانی سفیر کی طرف سے تعریفاتی سرٹیفیکیٹ ان افراد یا تنظیموں کو دیا جاتا ہے جو جاپان کے سفارت خانے کے کام کے مطابق نمایاں خدمات سر انجام دیتے ہیں۔
کاکس اینڈ کنگز پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی جنرل منیجر محترمہ شیرائی ماریکو نے کئی سالوں سے پاکستان میں جاپانی ٹریولرز کے لیے رابطے کا کردار ادا کیا ہے۔ سفیر واڈا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد میں جاپانی کمیونٹی کے لیے ان کے فعال تعاون کی تعریف کی اور دونوں ثقافتوں کے درمیان پل کردار ادا کرنے اور سفارت خانے کے اہم کام میں تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
لاہور سوگیٹسو اسٹڈی گروپ ایک ثقافتی تنظیم ہےجو جاپانی طرز کے پھولوں کی آرائش اکیبانہ میں مہارت رکھتی ہے۔ جاپانی سفیر نے جاپان کے شہنشاہ کی سالگرہ اور سیلف ڈیفنس فورسز ڈے کے استقبالیہ میں رضاکارانہ طور پر اکیبانہ نمائش کے انعقاد پر لاہور سوگیٹسو سٹڈی گروپ کی کاوشوں کو سراہا ۔
لاہور بونسائی سوسائٹی جاپانی طرز کے گملے والے درختوں کی ایک ثقافتی تنظیم ہے۔ سفیر واڈا نے بونسائی کے فن کے لیے اپنے تجربے اور شوق کا اظہار کیا، اور جاپان کے استقبالیہ میں بونسائی نمائش کے لیے ان کے رضاکارانہ تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی امید ظاہر کی۔
محترمہ شیرائی، نوین سید، صدر لاہور سوگیٹسو سٹڈی گروپ، اور مسٹر میاں عمیر، صدر لاہور بونسائی سوسائٹی، کو تعریفی اسناد کے ساتھ ساتھ یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔